پنجاب آرٹس کونسل میں مصوری اور اسلامی خطاطی کی مشترکہ نمائش

اتوار 3 جولائی 2022 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2022ء) پنجاب آرٹس کونسل میں آفیہ ساروش اور تابندہ بتول کے مصوری اور اسلامی خطاطی کے فن پاروں کی مشترکہ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔نمائش میں مصوری اور خطاطی کے 80سے زائد فن پارے رکھے گئے،جس میں قرانی آیات،جنگلات، قدرتی رہن سہن،بہار کے موضوعات کو کینوس پر اُتارا گیا ہے۔نمائش کی مہمان خصوصی ناہید منظور اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقاراحمد تھے۔

ناہید منظور کا کہنا تھا کہ تخلیق اللہ تعالیٰ کی صفت ہے، زمینوں اور آسمان کے درمیان جو کچھ بھی ہے سب اللہ تعالیٰ نے تخلیق کیاہے، نمائش میں رکھے گئے فن پارے قدرت کو حقیقی رنگ دینے کے مترادف ہیں، دونوں آرٹسٹوں نے قدرت کے حسین نظاروں کو رنگوں میں سمو دیا، رنگوں کو زبان کی ضرورت نہیں ہوتی، رنگ اپنی زبان خود بولتے ہیں، آرٹسٹ ہمیشہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں، ہمیں نوجوان نسل کو راویتی تعلیم کے ساتھ ساتھ آرٹ کی طرف بھی راغب کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ مختلف موضوعات کو ایک نمائش میں سمونا بھی ایک آرٹ ہے، آرٹس کونسل نے ہمیشہ نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا ہے تاکہ وہ اپنا کام دنیا کے سامنے پیش کر سکیں، حکومت پنجاب کی آرٹ اور آرٹسٹوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقداما ت مثالی ہیں، پنجاب حکومت آرٹسٹوں کی مالی مشکلات سے آگاہ ہے اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈاور دن ٹائم گرانٹس سے انکی مدد کر رہی ہے۔مشترکہ نمائش 8جولائی تک جاری رہے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں