راولپنڈی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کیلئے تیار،

شائقین چھکوں کی برسات کے شدت سے منتظر، پنڈی سٹیڈیم میں پہلا میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا، تیاریاں مکمل

بدھ 26 فروری 2020 13:45

راولپنڈی پی ایس ایل میچز کی میزبانی کیلئے تیار،
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ میں کل جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، میچ مصنوعی روشنیوں میں شام سات بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں کے چار، چار پوائنٹس ہیں تاہم اسلام آباد بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پہلے اور کوئٹہ دوسرے نمبر پر ہے، راولپنڈی سٹیڈیم میں پہلی بار پی ایس ایل میچز کی میزبانی کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، شائقین اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا چکی ہے، سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے جبکہ اسے انگلش جارح مزاج بلے باز جیسن رائے، آسٹریلین پلیئرز شین واٹسن، بین کٹنگ اور فواد احمد کی خدمات حاصل ہیں جبکہ مقامی کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، اعظم خان اور محمد حسنین اپنی صلاحیتوں کا جادو جگائیں گے، اسلام آباد یونائیٹڈ نوجوان لیگ سپنر شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی، افتتاحی میچ میں شکست کے بعد اسلام آباد نے اگلے دونوں میچز جیت کر زبردست کم بیک کیا ہے اور وہ چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ میں کولن منرو اور لیوک رونکی جیسے جارح مزاج اوپنر موجود ہیں، ٹاپ آرڈر میں انگلش بلے باز ڈیوڈ میلان اور مڈل آرڈر میں جنوبی افریقہ کے کولن انگرام اننگز کو استحکام دینے کیلئے کوشاں ہوں گے جبکہ مقامی کھلاڑیوں میں حسین طعلت، آصف علی، فہیم اشرف، عماد بٹ اور محمد موسیٰ اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھائیں گے، راولپنڈی میں شیڈول دوسرا میچ (کل) جمعہ کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں