دفاعی چمپئن کے پی کا نیشنل ٹی ٹونٹی میں کامیابیوں کا سفر جاری

میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے پر عمران خان سینئر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے پہلے مرحلے کے پانچویں میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو بآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ دفاعی چیمپئن کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے پر عمران خان سینئر کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فاتح ٹیم نے 153 رنز کا ہدف انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ نے خیبرپختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 136 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔صاحبزادہ فرحان 49 گیندوں پر 73 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

کپتان محمد رضوان نے 47 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔

ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔افتخار احمد اور عادل امین چھ، چھ رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔خیبرپختونخوا کے آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹر اوپنر فخر زمان تھے ۔ وہ ایک کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آٹ ہوگئے تھے۔اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

خیبرپختونخوا کے فاسٹ بالرز نیمیچ کے آغاز سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ عمران رندھاوا کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بھی بیٹر عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی ، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل مضبوط بالنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔عمران رندھاوا 46 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 54 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

حسان خان 25 اور خوشدل شاہ 24 نز بنا کر آئوٹ ہوئے۔اس دوران زین عباس 12، ذیشان اشرف 11، صہیب مقصود صفر، اعظم خان 14، عامر یامین 2، محمد الیاس 1 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔خیبرپختونخوا کے عمران خان سینئر نے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں