ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی مشکوک کارروائی

وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئےپنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 14:53

ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی مشکوک کارروائی
ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : ساہیوال میں تھانہ یوسف والا کی حدود میں قادرآباد کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔ ساہیوال میں ہونے والی اس کارروائی کے مشکوک پہلو منظر عام پر آنے کے بعد آئی جی پنجاب نے معاملے کا نوٹس لیا اور آر پی او ساہیوال سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی جس کے بعد اب وزیراعظم عمران خان نے بھی ساہیوال میں کار پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن کیا اور ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کو روکا، دہشت گردوں نے گاڑی روکنے کے اشارے پر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ چاروں افراد ساتھی دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی فیصل آباد سے فرار ہونے والے دہشت گردوں شاہد جبار اور عبدالرحمان کی گرفتاری کے لیے کاروائیاں کر رہی تھی اور مذکورہ آپریشن 16 جنوری کو فیصل آباد میں ہونے والے آپریشن کی ایک کڑی تھا۔ اس معاملے پر پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد پولیس چیکنگ سے بچنے کے لیے ایک فیملی کے ساتھ سفر کر رہے تھے تاہم فائرنگ کے تبادلے کے بعد شاہد جبار، عبدالرحمان اور ایک نامعلوم دہشت گرد فرار ہو گئے۔

دوسری جانب عینی شاہدین کے مطابق ساہیوال میں ہونے والا مبینہ پولیس مقابلہ جعلی تھا، جاں بحق ہونے والوں نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے فائرنگ سے دو خواتین اور دو مرد مارے گئے۔ ایک خاتون کی عمر 40 سال اور دوسری کی عمر 13 سال تھی۔ عینی شاہدین نے کہا کہ لاہور سے گاڑی آرہی تھی، پولیس نے فائرنگ کی۔ پولیس گاڑی سے ایک زخمی بچے کو اپنے ساتھ اسپتال لے گئی جن میں سے ایک بچہ زخمی تھا۔

گاڑی میں کپڑوں سے بھرے تین بیگز تھے جنہیں پولیس ساتھ لے گئی۔ دوسری جانب اسپتال میں موجود بچوں نے بیان دیا کہ مارے جانے والے ہمارے والدین تھے۔ ہم اپنے رشتہ داروں کے گھر جا رہے تھے، والدین نے پولیس کی بہت منتیں کیں لیکن کسی نے ایک نہ سنی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچوں نے بیان دیا ہے کہ ہمیں کسی نے اغوا نہیں کیا ہم شادی پر بورے والا جارہے تھے۔ زخمی بچوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں گولی مارنے والوں نے روکا ہم نے گاڑی روکی تو انہوں نے فائرنگ کردی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں