درخت ماحول کو خوشگوار بنانے اور ملکی معیشت کو ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اپنے حصے کا ایک درخت ضرور لگائیں ،صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال

جمعرات 21 مارچ 2019 20:57

درخت ماحول کو خوشگوار بنانے اور ملکی معیشت کو ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اپنے حصے کا ایک درخت ضرور لگائیں ،صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال
ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ درخت ماحول کو خوشگوار بنانے اور ملکی معیشت کو ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہمیں چاہیے کہ اپنے حصے کا ایک درخت ضرور لگائیں ،درخت لگانا ہمارا مذہبی اور قومی فریضہ بھی ہے -موجودہ حکومت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے صوبے میں جنگلات کے رقبے کومزید بڑھانے کے لئے وسیع پیمانے پر شجر کاری کر رہی ہے اس میں تمام سرکاری محکمے اہم کردار ادا کر رہے ہیں -انہو ںنے یہ بات پی ایچ اے کے زیر اہتمام گرلز کالج روڈ پر اشوک اور جیکورنڈا پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی -اس موقع پر پی ایچ اے کے چیئر مین چوہدری علی شکورخاں،سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور خاں،ڈی جی پی ایچ اے خالد منظور ،ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے حبیب جیلانی وینس،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک مسز ثمرین کوثر ،ڈائریکٹر زراعت چوہدری فاروق جاویداور تحریک انصاف کے مقامی رہنمائوں شیخ محمد چوہان ،چوہدری نوریز الحق،میاں بابر صغیر،ہارون مغل اور عمران غزالی نے بھی پودے لگائے -ڈی ای پی ایچ اے خالد منظور نے بتایا کہ پی ایچ اے اس مہم کے دوران ایک ہزار سے زائد بڑے پودے لگارہی ہے اور ان کی حفاظت اور بڑھوتری کا بھی انتظام کیا گیا ہے -صوبائی وزیر زراعت نے تمام سرکاری محکموں پر زور دیا کہ وہ ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر پورے اتریں اور گرین پاکستان کے خواب کو شرمند ہ تعبیر کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں -انہو ںنے کہا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں -

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں