ساہیوال، نیب ٹیم نے ضلعی اکائونٹس آفس اور ڈی پی او آفس میں پٹرول سے متعلقہ بوگس بلوںکا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ‘ کروڑوںروپے کی کرپشن کا انکشاف

ہفتہ 18 مئی 2019 18:35

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) نیب ٹیم نے ضلعی اکائونٹس آفس اور ڈی پی او آفس میں پٹرول سے متعلقہ بوگس بلوںکا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ‘ کروڑوںروپے کی کرپشن کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی اکائونٹس آفس ساہیوال میں ڈی پی او آفس سے متعلقہ اکائونٹنٹ کی طرف سے پٹرول بلوں سے متعلقہ بوگس بلوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہواہے ۔

اس سلسلہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب لاہور اعجاز چٹھہ کی سربراہی میں نیب ٹیم تین روز قبل ساہیوال آئی اور ضلعی اکائونٹس آفس اور ڈی پی او آفس میں پٹرول بلوں سے متعلقہ ریکارڈ قبضہ میں لے لیاہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ 2011-12اور 2012-13میں ضلعی اکائونٹس کے دفتر سے پٹرول کے بوگس بلوں کی ادائیگی کی گئی جس کا انکشاف ہونے پر تحقیقات شرو ع ہوئی لیکن دونوں دفاتر سے 2011-12 اور2012-13 کے بل نہیں ملے۔

(جاری ہے)

2013کے بعدبھی 2018تک بوگس بلوں کی یہی پریکٹس جاری رہی اور ضلعی اکائونٹس آفس میں متعلقہ اکائونٹ افسران کی آئی ڈی بھی مبینہ طورپر جعلسازی سے استعمال ہوئی ہے اوربوگس ادائیگی فلنگ اسٹیشن کی بجائے پولیس اکائونٹنٹ کے رشتہ دار کوہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بوگس بلوں کے حوالہ سے ہونے والی ادائیگی میں ڈی پی ا و دفتر کے اکائونٹنٹ سعید جٹ اور دیگر کے خلاف پہلے ہی انکوائر یاں چل رہی ہیں ۔

نیب کی ٹیم نے اب باقاعدہ تحقیقات شروع کرتے ہوئے دونوں محکموں سے 2018 تک کاریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے تاہم ضلعی اکائونٹس آفس سے مبینہ طور پر 3/4 سال پہلے کے عرصہ کے بل قانون کے مطابق ڈمپ کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بوگس ادائیگیوںمیں ضلعی اکائونٹس ‘پولیس اوربنک افسران کی ملی بھگت کاامکان ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں