درخت معیشت کا اہم حصہ ہیں،چوہدری علی شکور

اتوار 9 اگست 2020 19:45

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) پی ایچ اے کے چیئر مین چوہدری علی شکور خاں نے کہا ہے کہ درخت معیشت کا اہم حصہ ہیں جن سے ہزاروں افراد کا روز گار وابستہ ہے۔ملک میں درختوں کی شدید کمی ماحولیاتی آلودگی‘گرم موسم میں اضافہ اور قیمتی زر مبادلہ خرچ کر کے لکڑی کی در آمد کا سبب ہے جسے دور کرنے کے لئے ہر شحص ایک پودا ضرور لگائے ۔

وزیر اعظم عمران خان کا بلین ٹری وژن ملک میں جنگلات کے فروغ میں ایک بڑا پروگرام ہے جس سے گرین پاکستان کا قیام ممکن ہو گا۔انہوں نے یہ بات پی ایچ اے آفس میں ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر شجر کاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور خاں‘ڈی جی پی ایچ اے خالد منظور‘پی ایچ اے کے افسران فضائل مدثر‘اللہ یار بھٹی اور ڈاکٹر طاہر جاوید‘ سابق ڈائریکٹر پی ایچ اے حبیب جیلانی وینس اور سیاسی رہنماؤں وائس چیئر مین پی ایچ اے میاں عمیر علی‘شیخ محمد چوہان‘شیخ شاہد حمید‘عمران خان غزالی‘وسیم حفیظ‘راؤ رفعت علی خان اور ملک سجاد اعوان نے بھی پودا لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے مالی مشکلات کے باوجود ساہیوال شہر کو خوبصورت بنانے اور مزید شجر کاری کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے جس کے لئے شہریوں کا تعاون بھی از حد ضروری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے خالد منظور نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کی کامیابی سے ملک میں نہ صرف ہزاروں افراد کو روز گار ملے گا بلکہ اس سے آلودگی کا خاتمہ ہو گا اور پاکستان میں لکڑی کی پیداوار میں اضافے سے فرنیچر انڈسٹری ترقی کرے گی۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں