محکمہ زکوٰۃ غریب مریضوں کے مفت علاج کیلئے سالانہ 30 کروڑ روپے کرچ کر رہا ہے جس کیلئے صوبے کے 45 ہسپتالوں کو مالی امداد دی جا رہی ہے،صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران

پیر 29 اگست 2016 19:49

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ محکمہ زکوٰۃ غریب مریضوں کے مفت علاج معالجے کیلئے سالانہ 30 کروڑ روپے کرچ کر رہا ہے جس کیلئے صوبے کے 45 ہسپتالوں کو مالی امداد دی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات ڈی سی او آفس میں ساہیوال کے دو ہسپتالوں ڈی ایچ کیو ہسپتال اور حاجی قیوم ہسپتال کو امداد کی پہلی قسط کے طور پر بالترتیب 40 لاکھ اور 10 لاکھ روپے کے چیک دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈپٹی ایڈ منسٹریٹر زکوٰۃ وسیم ایوب بھی موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زکوٰۃ صوبے بھر کے 300 فنی اداروں کی مالی معاونت بھی کر رہا ہے تا کہ غریب طلباء و طالبات کو فنی تعلیم دے کر خود روزگار کے قابل بنایا جا سکے جس کے تحت پچھلے سال 54 ہزار بچوں اور بچیوں کو وظائف دیے گئے جبکہ اس سال ایک لاکھ 34 ہزار بچوں کو فنی تعلیم دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفے کی رقم بھی بڑھا کر ایک ارب 58 کروڑ روپے کر دی گئی ہے جبکہ 10 ہزار نابینا افراد کو بھی ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے دونوں ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ اس امدادی رقم کو ایمانداری سے خرچ کریں تا کہ صرف مستحق افراد ہی مستفید ہو سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ زکوٰۃ فنی تعلیم حاصل کرنیوالے بچوں اور بچیوں کو اپناکاروبار کرنے کیلئے اب تک 2 لاکھ روپے تک ناقابل واپسی مالی امداد بھی فراہم کر رہا ہے تا کہ انہیں اپنے پا?ں پر کھڑا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں