ساہیوال ‘ایل پی جی گیس سلنڈروں گودام ، آتشزدگی اور دھماکہ پولیس نے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

اس حادثہ میں ریسکیو1122 کے سات اہلکاروں سمیت آٹھ افراد جھلس گئے تھے

منگل 30 اگست 2016 15:16

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) پولیس غلہ منڈی نے ایل پی جی گیس کے سلنڈروں کے گودام میں آتشزدگی، دھماکوں گودام کے جل جانے اور ریسکیو کے سات اہلکاروں اور ایک دکاندار کے جھلس جانے کے بعد گودام کے مالک شہباز احمد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ امدادی کاروائی کے دوران ریسکیو1122کے جھلس جانے والے سات اہلکاروں کی کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڈ نے سول ہسپتال ساہیوال میں عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ریسکیو ملازمین کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کا حکم دیا ۔

تفصیلات کے مطابق سوموار کی رات کو ساہیوال عارف والا روڈ پر بائی پاس چوک ڈائیو ٹر مینل کے قریب ایل پی جی گیس کے سلنڈروں کی دکان میں آتشزدگی کے بعد گودام میں آگ لگ گئی جب ریسکیو1122کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا تو اچانک گودام کے ایک حصہ سے اچانک دھماکہ ہوا اور آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں ریسکیو 1122کے سات اہلکار عابد، منظور احمد، محمد آصف، قیصر شہباز ، ارشد صیاد ، عبدالغفاراور وقار حسین آگ کی لپیٹ میں آکر جھلس گئے ان سات اہلکاروں کو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا جبکہ پڑوسی دکاندار محمد شفیق اپنی دکان کوبچانے کی کوشش میں بھی جھلس گیا اور رات پانچ گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

حادثہ کے وقت سلنڈروں میں گیس کی ری فلنگ دکان کے دروازے بند کر کے کی جارہی تھی کہ آگ لگ گئی اور دھماکے ہوئے ۔گودام میں کمرشل گاڑیوں میں بھی ایل پی جی گیس کی فراہمی کا اس جگہ پر بڑا پوائنٹ ہے۔ سو ل ڈیفنس انتظامیہ اور پولیس سے مک مکا کے بعد بڑے پیمانے پر گیس کی ر ی فلنگ ہوتی تھی تاہم انتظامیہ نے اس حادثہ کی تحقیقات کاحکم دے دیا ہے اور پولیس غلہ منڈی نے دکاندار اور گودام کے مالک شہباز احمد کے خلاف اقدام قتل 285-324اور 286ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے ابھی تک ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔اس حادثہ میں پڑوسیوں کی بھی دکانیں جل گئی ہیں ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں