ساہیوال بورڈ سے پرائیویٹ سکولوں کے طلباء اور طالبات کی رجسٹریشن سرکاری سکولوں سے کروانے کا سکینڈل پکڑ لیا گیا

بدھ 31 اگست 2016 20:12

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 اگست ۔2016ء) بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن اینڈ انٹر میڈیٹ ساہیوال میں پرائیویٹ سکولوں کے طلباء طالبات کے امتحانات کے داخلے، داخلے سرکاری سکولوں سے پانچ ہزار روپے فی طالب علم رشوت لیکر بھجوانے کے سکینڈ ل کا انکشاف ۔ سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹر طلباء اور طالبات کی رجسٹریشن اور ہر داخلہ کے موقعہ پر دو لاکھ روپے تک رشوت لینے کا معاملہ منظر عام پر آگیا ۔

ضلع ساہیوال کے 114پرائیویٹ ہائی اور ہائر سکینڈری سکولز رجسٹرڈ اس کارو بار میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ اس امر کا انکشاف ایس ایس ٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ترجمان طالب حسین نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال جب نویں اوردسویں جماعت کے طالب علموں کے داخلہ فارم سے قبل جب رجسٹریشن کی جاتی ہے تو پرائیویٹ سکولوں کے طلباء اور طالبات کی رجسٹریشن بھی سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹروں کے ساتھ ہی کروا دیتے ہیں سرکاری سکولوں کی رجسٹریشن فیس 395روپے فی طالب علم اور پرائیویٹ سکول کے طالب علم کی رجسٹریشن فیس 1195روپے ہے لیکن پرائیویٹ سکولوں کے مالکان دو ہزار روپے رجسٹریشن فیس اور داخلہ فیسوں کو ہڑپ کرنے کے لیے سرکاری سکولوں سے رجسٹریشن کروا کر اور داخلہ فیس فی طالب علم پانچ ہزار روپے امتحانی داخلہ کی فیس کے نام پر پانچ ہزار روپے طلباء اور طالبات سے پرائیویٹ سکولوں کے مالکان وصولیاں کر تے ہیں لیکن سرکاری سکولوں سے داخلہ فارم فیس کے ساتھ بھجوانے سے داخلہ فیس رعایتی ہو جاتی ہے جس سے ایک طرف سرکاری خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے دوسری طرف پرائیویٹ سکولوں کی انتظامیہ لاکھوں روپے کما لیتی ہے اور لاکھوں روپے سرکار ی سکولوں کے ہیڈ ماسٹرو ں کی جیب میں چلے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ضلع ساہیوال کے 216پرائیویٹ ہائی اور ہائی سکینڈری سکول رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 114سکول اس دھندہ میں ملوث ہیں جب ای ڈی او ایجوکیشن ساہیوال کے نوٹس میں ہیڈ ماسٹر بشیر احمد گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مٹا ں والا مرکز کے 66پرائیویٹ سکول کے طلبا ء و طالبات کی رجسٹریشن کا معاملہ لایا گیا تو ہیڈ ماسٹر کے خلاف ایکشن لینے کی بجائے حقائق کو منظر عام پر لانے والے ٹیچر کو ہیڈ ماسٹر نے ادارہ سے فارغ کر دیا اور ای ڈی او ایجو کیشن ساہیوال کی صوابدیدپر بھیج دیا اور تنخواہ بھی بند کر دی گئی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس معاملہ کا نوٹس لینے اور وزیر اعلیٰ کی معائنہ ٹیم سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں