وزیراعلیٰ پنجاب اور چینی سفیر کا ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا اچانک دورہ٬ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقیں دیکھیں

ساہیوال کول پاور پراجیکٹ اورسی پیک جیسے منصوبوں سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہیں٬ منصوبے کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئیگی٬ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سی پیک کی تکمیل دونوں دوست ممالک کے درمیان خوشحالی اور ترقی کے نئے باب کھولے گی٬ چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا ٬ سی پیک کے تحت منصوبوں میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ رول ماڈل منصوبہ ہے٬منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار ملے گا ٬چینی سفیر سن وی ڈونگ

جمعہ 14 اکتوبر 2016 19:53

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جمعہ کو ساہیوال کے نزدیک قادر آباد میںلگنے والے 1320میگاواٹ کے کول پاور پراجیکٹ کااچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کی سائٹ پر اجلاس کی صدارت کی جس میںپراجیکٹ پر تیزرفتار پیش رفت کا جائزہ لیاگیا ۔وزیراعلیٰ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا اوراہلکاروں سے گفتگو بھی کی۔

چین کے سفیر سن ویڈانگ اور قونصل جنرل یوبورن بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پرکام کی رفتار کامعائنہ کیااوراس منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کو حیران کن حد تک تیزرفتار قرار دیا ۔وزیراعلیٰ نے پانچویں منزل پر لگائے جانے والے بہت بڑے جنریٹر کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

چینی کمپنیوں کے ماہرین نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو منصوبے پر ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

چینی انجینئرز نے منصوبے کے تکنیکی پہلوئوں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور جیسے منصوبوں سے دوست خوش اور دشمن پریشان ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں میں پاکستان اور چین کی ترقی اور خوشحالی شامل ہے۔سی پیک جیسے منصوبوں نے مستقبل کی بھی منصوبہ بندی کرنی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے ٬روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ہم بہت جلدتوانائی بحران پر قابو پالیں گے اوریہ سب کامیابیاں چین کے تعاون سے جاری سی پیک منصوبوں کی بدولت ممکن ہورہی ہیں۔ساہیوال میں زیر تعمیر 1320 میگا واٹ کا کول پاور پلانٹ جون 2017 ء تک مکمل ہو جائے گا جو ریکارڈ مدت میں مکمل ہونیوالا توانائی کے شعبے میں دنیا کا پہلا منصوبہ ہو گا ۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل سے ہم نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی٬روزگار بڑھے گا اور اندھیرے دور ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے پلانٹ اور چینی انجینئرز و عملے کی حفاظت کیلئے بنائے گئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی آزمائشی مشقوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی مشقوں کے دوران ان کے عملی مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی انجینئرز اور عملے کی حفاظت کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یونٹ کے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ محنت سے فرائض سرانجام دیں ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے منصوبے کی سائٹ پراجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم سی پیک منصوبے شروع کرنے اور ملک سے توانائی بحران کے خاتمے میں مدد دینے پر چینی حکومت اور عوام کی احسان مند ہے اور یہاں کام کرنے والے ہر چینی انجینئر اور مزدور کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ساہیوال پاور پراجیکٹ کے منصوبے کو چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی بہترین مثال قرار دیا اور کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار انتہائی تسلی بخش ہے جس سے اگلے سال جون تک پیداوار شروع ہو جائے گی ۔ا نہوں نے درآمدی کوئلہ پلانٹ تک پہنچانے کیلئے اضافی ریلوے ٹریک بچھانے اور ٹرانسمشن لائن کا کام بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں پلانٹ اور چینی ماہرین کی حفاظت کیلئے کیے گئے سیکورٹی انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا اور وزیر اعلیٰ نے حفاظتی انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر چین کے سفیر سن ویڈانگ نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کو چین اور پاکستان کے باہمی تعاون میں ایک سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ سی پیک کے تحت مکمل ہونیوالے منصوبوں میں یہ ایک رول ماڈل منصوبہ ہے جسے بر وقت مکمل کرنے کیساتھ ساتھ اسے بین الاقوامی ماحولیاتی معیار کے مطابق بھی بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار ملے گا بلکہ فنی تربیت کے ذریعے علاقے کی اقتصادی ترقی میں بھی بہتری آئے گی ۔انہوں نے پنجاب میں جاری سی پیک منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف جو ویژن رکھتے ہیں٬ اسی کی بدولت ساہیوال کول پاور پراجیکٹ میں ہمیں بے پناہ مدد مل رہی ہے۔

چینی جکومت اور کمپنیاں پاکستانیوں کو فنی مہارتیں منتقل کر رہی ہیں۔ سی پیک منصوبے کی تکمیل دونوں دوست ممالک کے درمیان خوشحالی اور ترقی کے نئے باب کھولے گی۔ چینی سفیر نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا ۔چینی انجینئرز اور عملے نے منصوبے کی سائٹ پر حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوںاوردیگر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والے چینی ورکرز میں تحائف بھی تقسیم کئے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں