قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاور پلانٹ کے قریب سے ہتھیاروں سمیت گرفتار ہونے والے چینی شہریوں سے تفتیش کا آغاز کردیا

پولیس نے ملزمان سے متعدد پمپ ایکشن، 223 بور کی 2 رائفلز، 30 بور کی 2 سو 94 پستول اور 9 ہزار ایک سو مختلف راؤنڈز بھی برآمد کیے

منگل 14 اگست 2018 19:42

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاور پلانٹ کے قریب سے ہتھیاروں سمیت گرفتار ہونے والے چینی شہریوں سے تفتیش کا آغاز کردیا
ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاور پلانٹ کے قریب سے ہتھیاروں سمیت گرفتار ہونے والے چینی شہریوں سے تفتیش کا آغاز کردیا۔میڈیا رپورٹ ذرائع نے تصدیق کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار نے 8 چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا جن کے بیگس سے ہتھیار برأمد ہوئے تھے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ چینی شہریوں کو ساہیوال کے پاور پلانٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیاجن سے سیکیورٹی ایجنسیز تفتیش کرہی ہیں۔

سیکیورٹی حکام نے غیر ملکی باشندوں کے بیگ سے ایک مشین گن، ایک پستول، پمپ ایکشن، کارٹریجز، گولیاں اور ٹیلی اسکوپ برآمد کیا ہے۔بعد ازاں پولیس نے ساہیوال بائی پاس پر گلشن نور کے علاقے میں موجود ایک کار سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) غلام مبشر میکن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے کار کے پوشیدہ حصوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ایک اسلحہ ڈیلر ایوب خان اور اس کے 3 ساتھیوں عرفان خان، رضوان اور محمد شکیل کو گرفتار کرلیا ہے جن کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ سے ہے۔ڈی پی او نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان سے متعدد پمپ ایکشن، 223 بور کی 2 رائفلز، 30 بور کی 2 سو 94 پستول اور 9 ہزار ایک سو مختلف راؤنڈز بھی برآمد کیے۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کار سے 14 لاکھ 70 ہزار روپے بھی برآمد کیے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں