امن دشمن اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم متحد ہو چکی ہے، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

منگل 18 دسمبر 2018 20:11

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ امن دشمن اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم متحد ہو چکی ہے اور ملک دشمنوں کا خواب کسی صورت میں بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا جائے گا۔وہ یہاں گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول میں سانحہ پشاور کی چوتھی برسی کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب میں سی ای او ایجوکیشن ذوالفقار علی‘ڈی ای او سیکنڈری فوزیہ اعجاز‘ڈی ای او ایلیمنٹری سید راشد لطیف اور پرنسپل کے علاوہ اساتذہ‘ والدین اور طلبا ء و طالبات کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے 16 دسمبر کو تجدید عہد کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام نقصانات کے باجود پوری قوم امن کیلئے متحد ہے اور دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر ہر شہری چین سے نہیں بیٹھے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی نے امت مسلمہ کو نقصان پہنچایا لیکن اب اس کا خاتمہ بہت قریب ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا کہ معصوم بچوں کا لہو بہا کر بربریت کا ایک سفاک باب لکھا گیا اس کا غم آج بھی قوم کے دل میں یاد اور زندہ ہے لیکن قوم ملکی ترقی اور پائیدار امن کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے اب بھی تیار ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے سکول میں یادگاری پودا لگایا اور ملک میں امن کے قیام اور شہدائے پشاور کے بلند درجات کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں