معاشرے سے جرائم کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو اپنا کردار اداکرنا ہو گا، آر پی اوساہیوال

لله

جمعرات 20 جون 2019 18:19

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) ریجنل پولیس آفیسر شارق کمال صدیقی نے کہاہے کہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو اپنا اپنا کردار اداکرکے جرائم پیشہ افراد کو سزائیں دلانا ہونگی۔ تفتیشی آفیسرز‘ پراسکیوٹرز اوردیگر متعلقہ ادارے نیک نیتی سے کام کریں گے تو کریمنل افراد کو سزا ضرور ملے گی۔ نو جوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور تعلیمی اداروںسے منشیات کے خاتمے کیلئے منشیا ت فروشوں کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

اب تعلیمی اداروںکے سربراہان اور طلباء کے والدین سمیت تمام طبقات کو اپنے بچوںکو منشیات مافیا سے دور رکھنا ہوگاطلبا کو منشیات کی لت سے بچانے کیلئے انہیں لیکچر زبھی دیئے جائیںگے ۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں اخبار نویسوںسے ایک ملاقات میں گفتگوکررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ڈی آئی جی رانا افتخار احمد و دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس افسران کی استطاعت بڑھانے کیلئے جدید انداز سے ٹریننگ کی جارہی ہے جس کی بدولت ساہیوال ڈویژن میں کرائم کی شرح میں انتہائی کمی ہوئی ہے اور پنجاب بھر میں ساہیوال ڈویژن کی چالاننگ شرح 84فیصد ہے۔

مقدمات کا اندراج 100فیصد نہیں ہوتا لیکن مقدمات درج نہ کرنے والے افسران کو شوکاز نوٹس دیکر ان کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میںلائی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ صحافی واٹس اپ کے ذریعے نشاندہی کرکے مسائل حل کرنے میں اہم کردا راداکررہے ہیں لیکن صحافیوںکو چاہیے کہ وہ تنقید ضرور کریں لیکن برائے اصلاح ہونی چاہیے اور غیر ضروری تنقید سے پرہیز کریں۔

انہوںنے کہاکہ میرے دفتر کے دروازے ہر شخص کیلئے کھلے ہیں جو بھی میرے دفتر آجاتاہے وہ مجھے ملکر جاتاہے ۔ درخواستیں خود مانیٹرکرتاہوں اور لوگوںکے مسائل میرٹ پر حل کئے جاتے ہیں۔ تھانوںکی انسپکشن سے تھانوںکے حالات بہتر ہوئے ہیں لیکن 70سالہ تھانہ کلچر درست کرنے کیلئے ابھی کچھ وقت درکار ہے،کلچر بھی بہتر ہوجائے گا۔انہوںنے مزید کہاکہ پرائیویٹ گاڑیوںپر نیلی بتی لگانے والوںکے خلاف کارروائی عمل میںلائی جارہی ہے جبکہ ٹریفک نظام کو بہتر کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں