ریسکیو 1122 کا عملہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، ڈی سی ساہیوال

جمعرات 20 جون 2019 18:25

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 کا عملہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نبردآزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور مون سون سیزن میں متوقع سیلاب اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں عوام کو قطعی بے یارومددگار نہیں چھوڑا جائے گا اورضلعی انتظامیہ کے تمام ادارے اپنا فعال کردار ادا کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں لوئر باری دوآب پر جھال روڈ کے مقام پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی طرف سے منعقدہ ایک موک ایکسر سائز کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔موک ایکسرسائز میں ایمرجنسی سروسز‘ محکمہ صحت‘ لائیو سٹاک‘ سول ڈیفنس اورسوشل ویلفیئر کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ڈی سی آر محمد نواز گوندل‘ ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹر خالد عبداللہ اوراے ڈی لائیوسٹاک ڈاکٹر ثمرین کوثر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ1988 کے بعد ضلع ساہیوال میں کوئی بڑا سیلاب نہیں آیا لیکن ضلعی انتظامیہ ہر قسم کی صورتحال کو سنبھالنے کیلئے تیار رہے گی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹر خالد عبداللہ نے بتایا کہ سا ہیوال کی عوام کو مکمل ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے سلسلہ میں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122کا عملہ‘ ایمبو لنسیز‘ فائر وہیکلز اور ریسکیو وہیکلز ہا ئی الرٹ میں رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میںحادثہ میں پھنسے لوگوں کو بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔

موک ایکسر سائز میں پانی میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکال کر ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ہسپتال روانہ کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا جبکہ ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے گہرے پانی میں گرے ایک چھ ماہ کے بچے کو بچانے کا ڈیمو بھی پیش کیا ۔ ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے ریسکیو 1122 و دیگر محکموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو واضح الفاظ میں سراہتے ہوئے اس امر کا یقین ظاہر کیا کہ تمام سرکاری ادارے اسی طرح اپنی ذمہ داریاں ادا کر کے ساہیوال کی عوام کو ریلیف مہیا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔ انہوں نے بہترین کارکردگی پر ریسکیو غوطہ خور آصف مقبول کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں