نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے، اے ڈی سی جنرل فاروق اکمل

پیر 24 جون 2019 20:03

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2019ء) بچوں اور نوجوانوں میں نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ ان کی ذہنی و جسمانی صحت اور تربیت کے لئے ضروری ہے اور والدین اور اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کی بہترین تربیت کیلئے انہیں ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی شرکت کا بھر پور موقع دیں ۔آرٹ ،کیلی گرافی ،میوزک ،یوگا ،کراٹے ایسے شعبے ہیں جن میں بچوں کی دلچسپی سب سے زیادہ ہوتی ہے لہذا ان سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ۔

یہ بات اے ڈی سی جنرل فاروق اکمل نے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام بچوں کے سمر کیمپ کے دورے کے دوران ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں محمد عقیل بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سمر کیمپ کے مختلف شعبے دیکھے اور وہاں بچوں کو مختلف فنون خصوصا پینٹنگز ،کیلی گرافی،میوزک،سپوکن انگلش،کراٹے اور یوگا سیکھتے ہوئے دیکھا ۔

انہوں نے بچوں کی دلچسپی کو سراہا اور ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے گرمیوں کی چھٹیوں میں ان صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں کو بہترین کاوش قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں رواداری اور عدم تشدد کے فروغ کیلئے بھی فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کا اہم کردار ہے اور اس سلسلے میں معاشرے کے مختلف طبقات کو اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں