محدود وسائل کے بہترین استعمال کے لئے پلاننگ انتہائی ضرور ی ہے،کمشنر ساہیوال

منگل 25 جون 2019 18:14

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے بہترین استعمال کے لئے پلاننگ انتہائی ضرور ی ہے، جس کے لئے سروے کرانا بنیادی کردار ادا کرتا ہے ،سرکاری اداروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ عوام کی ضروریات کے مطابق پلاننگ کریں اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے جس کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مدد گار ثابت ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ضلع کونسل ہال میں بیورو آف سٹیٹسٹکس کی طرف سے کئے گئے سروے کے بارے میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ساہیوال ڈویژن کے اعدادوشمار جاری کئے گئے ۔سیمینار میں ڈپٹی کمشنرز محمد زمان وٹو ،احمد کمال مان ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ شماریات چوہدری ساجد رسول ،نمائندہ یونیسف نعمان غنی ،ڈپٹی ڈائریکٹر ساہیوال غلام یاسین اور تمام سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ انسانی ترقی سے ہی کسی ملک میں اقتصادی ترقی ممکن ہے اور ہمیں چاہیے کہ اپنی تمام تر توجہ انسانی وسائل کی ترقی پر صرف کر یں جس سے متوازی ترقی میں بھی مدد ملے گی ۔انہوں نے نجی شعبے کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو ترقی کی بنیاد بنایا جانا چاہیے ۔اس سے پہلے ڈی جی محکمہ شماریات چوہدری ساجد رسول نے سروے کے مختلف نتائج پر تفصیل سے روشنی ڈالی جس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن کے مختلف انڈیکیٹر صوبہ پنجاب کے انڈیکیٹر سے بہتر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں