کرسمس کے موقع پر تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں، ڈپٹی کمشنر ساہیوال

پیر 9 دسمبر 2019 18:48

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال ذیشان جاوید نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تا کہ مسیحی بھائی اپنے مذہبی تقریبات جوش و جذبے سے منا سکیں ۔کرسمس کے موقع پرضلعی انتظامیہ صفائی ستھرائی‘بجلی کی مسلسل فراہمی‘گرجا گھروں کی سکیورٹی اور صحت عامہ کی سہولیات کو ہر ممکن یقینی بنائے گی اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد فاروق اکمل‘ علامہ ضیاء اللہ شا ہ بخاری ‘مولانا محمدحسن معصومی ‘قاری بشیر‘شیخ اعجازرضا کے علاوہ ایلڈر دلبر جانی‘فادر نوید‘عدیل ڈینیئل اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں بین المذاہب میں بہت زیادہ ہم آہنگی دیکھنے میں آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ غریب مسیحیوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستا کرسمس بازار بھی لگا رہی ہے جہاں تمام اشیاء صرف ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی۔کرسمس کے موقع پر تمام گرجا گھروں کی حفاظت کے فول پرو ف انتظامات کئے جائیں گے تا کہ وہ اپنی تقریبات بے خوف و خطر منا سکیں۔اجلاس میں علماء کرام نے کرسمس کی مبارکباد دی اورکہا کہ اسلام امن‘محبت ‘رواداری کا درس دیتا ہے اور ہم سب ایک دوسرے کے دکھ درد اور خوشی میں برابر کے شریک ہوتے ہیں ۔انہوں نے کرسمس کے موقع پر مسیحی بھائیوں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں