ساہیوال، وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس لینے سے اشیاء صرف کی قیمتیں اعتدال پر آ رہی ہیں، شیخ شاہد حمید

پیر 17 فروری 2020 18:16

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر شیخ شاہد حمید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے روز مرہ اشیاء صرف کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کی ہے جس سے اشیاء صرف کی قیمتیں اعتدال پر آ رہی ہیں ۔ وزیر اعظم عام آدمی کو در پیش مشکلات کو کم کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں اور توقع ہے کہ عوام کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے گا ۔

(جاری ہے)

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں تحریک انصاف سٹی ساہیوال کے عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کی پوری توجہ ملکی معیشت کے بگاڑ کو درست کرنا اور غیر ضروری در آمدات کو روکنا تھا تا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں استحکام آئے اور قرضوں کا بوجھ کم ہو۔وفاقی حکومت کے سخت اقدامات کی بدولت اب معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور اگلے مرحلے میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات اٹھا ئے جائیں گے ۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور عام آدمی کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں