کرونا وائرس قابل علاج مرض ہے، ڈاکٹر صادق سلیم

جمعرات 27 فروری 2020 19:25

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈاکٹر صادق سلیم نے کہا ہے کہ کرونا وائرس قابل علاج مرض ہے جس سے احتیاطی تدابیر اختیار کر نے سے بچا جا سکتا ہے ۔ عوام کو چاہیے کہ وہ ایسے اشخاص سے جنہیں فلو ہو یا اسے چھینکیں آ رہی ہوں ان سے نہ ھاتھ ملائیں اور نہ ہی گلے ملیں ۔کرونا وائرس ایک آدمی سے دوسرے آدمی تک فوری منتقل ہو سکتا ہے اس لئے بار بار ہاتھ دھوئیں اور صفائی کو یقینی بنائیں ۔

وہ اپنے دفتر میں پاکستان میں 2کرونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کے بعد کمشنر ساہیوا ل ڈویژن محمد احسن وحید کی ہدایت پر احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دے رہے تھے ۔انہو ںنے کہا کہ صرف ایسے دو فیصد افراد خطرے سے دو چار ہوتے ہیں جن میں قوت مدافعت کم ہو ۔

(جاری ہے)

کرونا وائرس کی ابھی تک کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوئی اس لئے صرف احتیاطی تدابیر اختیار کر کے بچا جا سکتا ہے ۔

انہو ںنے مزید بتایا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے محکمہ صحت کے فیلڈ سٹاف کے ٹریننگ سیشنز مکمل کر لئے گئے ہیں اورتحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں وارڈز کو بھی مختص کر دیا گیاہے ۔ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اس مرض سے گھبرانے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تا کہ اسے پھیلنے سے روکا جا سکے ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں