میونسپل کارپوریشن نے لوئر بار ی دو آب نہر کو کوڑا دان بنا دیا

جمعرات 27 فروری 2020 19:25

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) میونسپل کارپوریشن نے لوئر بار ی دو آب نہر کو کوڑا دان بنا دیا،شہر کا تمام کوڑا نہر کے کناروں پر پھینکا جانے لگا،کوڑا کرکٹ سے نہر کے کنارے ٹوٹنے لگے ‘ نہری پانی میں آلودگی کی آمیزش پر شہریوں میں شدید تشویش،گندے پانی سے اگائی جانے والی فصلات اور سبزیاں خطر ناک بیماریوں کا موجب بنیں گی،چیف سیکرٹری،سیکرٹری اریگیشن اور کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق عرصہ دراز سے میونسپل کارپوریشن کا عملہ شہر سے اکٹھا کیا جانے والا کوڑا کرکٹ نہر لوئر باری دو آب کے کناروں پر محکمہ اریگیشن کے احتجاج کے باوجود پھینک رہا ہے جس سے نہ صرف نہر کے کناروں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ گندگی نہری پانی میں بھی شامل ہو رہی ہے جو شدید آلودگی کا باعث بن رہی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ نہر کے مقامی افسران نے میونسپل کارپوریشن کے عملے کی طرف سے نہر کے کناروں پر گندگی نہ پھینکنے کی متعدد بار درخواست کی لیکن عملدر آمد نہ ہو سکا جس کی وجہ سے نہر کے کنارے شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور کسی بھی وقت نہر کے ٹوٹنے کاخدشہ ہے ۔

محکمہ اریگیشن کے ایس ڈی او نبیل محمود سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ لا تعداد مرتبہ میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران افسران کی توجہ شہر کے کوڑا کرکٹ کو نہر میں ڈالنے کے نقصانات کی طرف دلائی لیکن کارپوریشن عملے پر کوئی اثر نہیں ہو رہا ۔شہر کے سماجی حلقوں نے ماحولیاتی آلودگی کے اس اہم مسئلے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر اور کمشنر محمد احسن وحید سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں