ساہیوال میں لو لگنے اور گرمی کی شدت سے پانچ افراد جاں بحق،درجنوں ہسپتال داخل

رامے ٹاؤن کا ٹرانسفارمر جل گیا چودہ گھنٹے سے بجلی کی سپلائی معطل ، علاقہ کے باسی گرمی کی شدد ت سے نڈھال

ہفتہ 21 مئی 2016 17:20

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) ضلع ساہیوال میں گرمی کی لہر میں اضافہ کے بعد لو لگنے اور شدید گرمی سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے ۔ جبکہ درجنوں کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے اور درجہ حرارت روا سال کی بلند ترین سطح 48سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔رامے ٹاؤن کا ٹرانسفامر بھی جل گیا۔

(جاری ہے)

چک 6-86آر کی پندرہ سالہ لڑکی ثمن ، جہاز گراؤنڈ کا ساٹھ سالہ محمد ریاض ، چک 5-44ایل کی تیس سالہ رحمت بی بی ، مسلم بن عقیل کالونی کی نوے سالہ شگفتہ اور جیون سٹی کالونی کا ساٹھ سالہ ظہور احمد لو لگنے اور شدید گرمی سے بیہوش ہو گئے جن کو فوری طور پر سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہا ں وہ دم توڑ گئے جبکہ کھیتوں میں کام کرنے اور زیر تعمیر عمارتوں میں مزدوری کرنے والے درجنوں افراد گرمی کے سبب بیہوش ہو گئے جن کو فوری طور پر ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں تین کی حالت نازک ہے۔

گرمی کی شددت کے سبب رامے ٹاؤن کا ٹرانسفار مر بھی جل گیا جس کی وجہ سے رامے ٹاؤن کالونی کی بجلی کی سپلائی چودہ گھنٹے سے معطل ہے لیکن واپڈا حکام نے بھی بجلی کی سپلائی ٹرانسفارمر تبدیل کر کے بحال نہیں کی جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرمی کی شددت میں اضافہ کا امکان ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں