ساہویال،ایس پی ٹریفک کے بوگس دستخط کر کے جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے گروہ کا سرغنہ ہیڈکانسٹیبل اور کانسٹیبل گرفتار

اتوار 17 جولائی 2016 16:27

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) پولیس سول لائن نے ایس پی ٹریفک کے جعلی دستخط کر کے جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے گروہ کے سرغنہ ٹریفک برانچ کے ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق اور کانسٹیبل خاور وسیم کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس ساہیوال برانچ میں عرصہ دراز سے ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق تعینات تھا اور وہ جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنا کر دینے کا ماہر تھا لیکن جب حکومت نے کمپیوٹر رائزڈ سسٹم کر دیا تو محمد فاروق نے اپنے فن کا مظاہر ہ جاری رکھا اور لائسنس بنانے کی رشوت 10ہزار روپے سے بڑھا کر 20بیس ہزار روپے کردی موٹر سائیکل، کار ،ٹریکٹر ،رکشہ اور بڑی گاڑیوں کے ریٹ دوگنے کر دیے ۔

چند روز قبل ایس پی ٹریفک نے ڈرائیونگ ٹیسٹ میں فیل ہونے والے ایک ڈرائیور کو لائسنس دینے سے انکار کر دیا اور سفارشی کی سفارش بھی نہ مانی لیکن ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق نے اس ڈرائیور کو لائسنس ایس پی کے دستخطوں سے بنا کر دے دیا جب یہ معاملہ ایس پی ٹریفک کے نوٹس میں آیا تو انہوں نے انکوائری کی تو ایس پی ٹریفک کے دستخط بوگس پائے گئے اور دوران تفتیش ایس پی ٹریفک کے کئی لائسنس جعلی دستخطوں سے بنانے کا انکشاف ہو ا اور ایس پی ٹریفک نے جب فوری طور پر گزشتہ ایک ہفتے کے ڈرائیونگ لائسنسوں کی فائلوں کی چیکنگ کی تو پانچ فائلوں پر ایس پی ٹریفک کے بوگس دستخط پائے گئے ۔

(جاری ہے)

جس پر ایس پی کے حکم پر پولیس تھانہ سول لائن نے لائسنس برانچ کے انچارج ظفر علی کی رپور ٹ پر پولیس سول لائن نے مقدمہ 471-468-420ت پ درج کر کے دونوں ملزموں ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق اور کانسٹیبل خاور وسیم کو گرفتار کر لیا اور دونوں کو تھانہ سول لائن کی حوالات میں بند کر دیا اور تفتیش کے لیے خصوصی ٹیم بنا دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں