ڈسٹرکٹ کوارڈ نیشن آفیسر ساہیوال کا میٹرنٹی ہسپتال کی زچہ بچہ کی صحت سے متعلق گرانقدر خدمات پر عملے کو بونس دینے کا اعلان

جمعرات 15 ستمبر 2016 19:54

ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15ستمبر ۔2016ء ) ڈسٹرکٹ کوارڈ نیشن آفیسر شوکت علی خان کھچی نے میٹرنٹی ہسپتال ساہیوال کی زچہ بچہ کی صحت سے متعلق گراں قدر خدمات پر ہسپتال کے تمام عملے کو خصوصی بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ اعلان ہسپتال کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ہسپتال کی سروسز کی رپورٹ پیش کی گئی۔

بونس کے اعلان کے مطابق ہسپتال کے کنسلٹنٹس کو 12 ہزار روپے ‘گائنا کالوجسٹ کو 8 ہزار روپے اور باقی تمام عملے کو 3,3 ہزار روپے بونس دیا جائے گا۔اجلاس میں ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر شہزاد طاہر‘سیکرٹری پروفیسر قمر الزمان خان اور ممبران چوہدری سلطان محمود ‘ڈاکٹر سرفراز ‘ نفیس صادق ‘شیخ محمد یونس اور شیخ محمد افضل نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او شوکت علی خان کھچی نے غریب عوام کو انتہائی مناسب چارجز پر صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کے قومی جذبے کو سراہا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی اﷲ کو راضی کرنے کا واحد ذریعہ ہے جس کیلئے تما م ذی شعور اور صاحب حیثیت افراد کو کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے تمام ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد سالانہ اضافے کا بھی اعلان کیا۔

اجلاس میں نرسری کی تعمیر پر معروف کاروباری شخصیت شیخ محمد افضل کی خدمات کو سراہا اور ان سے نرسری میں توسیع کیلئے بھی فراخدلانہ عطیات کی اپیل کی تا کہ نوزائیدہ بچوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں نئے تعمیر شدہ آپریشن تھیٹر کیلئے 11 لاکھ روپے کی مالیت کا طبی سامان خریدنے اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایک اور گائنا کالوجسٹ کا تقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں