ساہیوال، ہسپتال ایمر جنسی میں مخالف پارٹی کے زخمی پر دھا وا ،مار کٹائی اور ہنگامہ آرائی ، دو ملزم گرفتار

ہفتہ 14 جنوری 2017 18:31

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) انصار گلی ساہیوال میں قبضہ گروپوں یونین کونسل نمبر 6کے چیئر مین حاجی عبدالطیف اور فرحان بٹ گروپ میں فائرنگ پانچ افراد گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے ، سول ہسپتال ساہیوال کی ایمر جنسی پر ایک زخمی علی رضا پر مخالف گروپ نے دھاوا بول دیا ، ہنگامہ آرائی ، مار کٹائی ، پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا ۔

دو ملزم گرفتار۔تفصیلات کے مطابق یونین کو نسل کے چیئر مین حاجی عبدالطیف اور فرحان بٹ گروپ کے درمیان ایک قبضہ کے سلسلہ میں رنجش چلی آرہی تھی کہ فرحان بٹ گروپ آتشی اسلحہ سے مسلح ہو کر انصار گلی پہنچ گیا جس کا حاجی عبدالطیف نے برا منایا اور انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ روکا توفریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی اور فریقین میں ایک گھنٹہ تک فائرنگ ہوتی رہی ، فائرنگ کی زد میں آکر محمد اویس 28سالہ، جاوید 27سالہ، تنویر اسلام 22سالہ ، طارق 52سالہ اور دوسرے گروپ کا علی رضا 29سالہ شدید زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد زخمیوں کو سول ہسپتال ساہیوال ایمر جنسی میں داخل کرا دیا گیا تو ایک زخمی علی رضا پر اس کے مخالف گروپ نے ایمر جنسی وارڈ میں دھاوا بول دیا اور مار کٹائی کی اور ایک گھنٹہ تک ہنگامہ آرائی جاری رہی اس دوران ڈاکٹروں، نرسوں اور دوسرے سٹاف کی دوڑیں لگ گئیں پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا ۔ پولیس تھانہ سٹی اور پولیس تھانہ فرید ٹائون نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور دو ملزموں بلال مجید اور ذیشان افضل کو گرفتار کر لیا ۔دوسرے ملزموں کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں