محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کا ہفتہ شروع ہو گیا

ہفتہ 4 مارچ 2017 19:06

ساہیوال۔4 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کا ہفتہ شروع ہو گیا ہے۔اس آگاہی مہم کا افتتاح ایم این اے چوہدری محمد اشرف نے یہاں محکمہ زراعت توسیع کے زرعی فارم پر کیا۔قبل ازیں انہوں نے مذکورہ مہم کے سلسلے میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی جدید ٹیکنالوجی اختیار کرنے پر منحصر ہے ،ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے زیادہ تر ضروریات زندگی زمین سے پوری کی جاتی ہیں لیکن مکمل آگاہی نہ ہونے کے باعث ہم پیداوار بڑھانے میں کامیاب نہیں ہوتے لہذا ضروری ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر اور صحیح منصوبہ بندی اختیار کر کے زیاد ہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جائے۔

(جاری ہے)

ایم این اے نے حکومتی پالیسیوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور زراعت سے وابستہ لوگوں کو جدید زراعت کے طریقے اپنانے پر محکمہ زراعت توسیع کے کردار کی تعریف کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن عبدالغفور غفاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور زراعت کی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات پر عمل کر کے ہم اپنے زر مبادلہ میں بہت حد تک اضافہ کر سکتے ہیں۔

فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے خاتمے کیلئے جتنی زیادہ عوامی آگاہی کی جائے کم ہیں ۔اس موقع پر چوہدری جاوید اقبال ڈپٹی ڈائریکٹر توسیع ‘رائو اشفاق ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن ‘چوہدری کلیم نثار اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ‘طاہر سلطان گورائیہ نمائندہ پی سی پی اے نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔بعد ازاں جڑی بوٹیوں کے خاتمے کے لئے عوامی آگاہی مہم کے سلسلے میں واک کا اہتمام بھی کیا گیا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں