سینیٹ اجلاس میں نہ آنا یوسف گیلانی کی غلطی تھی، شاہد خاقان کی تنقید

کہ ن لیگ کو مستقبل میں پیپلز پارٹی کے خلاف لڑنا ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت کو 13سال ہوچکے، عوام کو صحت وتعلیم کی سہولت میسر نہیں، شاہد خاقان عباسی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 6 فروری 2022 23:17

سینیٹ اجلاس میں نہ آنا یوسف گیلانی کی غلطی تھی، شاہد خاقان کی تنقید
سانگھڑ (اُردو پوائنٹ ، اخبار تازہ ترین، 6فروری 2022) سینیٹ اجلاس میں نہ آنا یوسف رضا گیلانی کی غلطی تھی، نہ آنے کی صفائی بھی وہ خود دیں گے، عوام نے بھی ان کی کافی سرزنش کی ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی پیپلز پارٹی پر تنقید۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سانگھڑ میں جلسے سے خطاب میں شاہد خاقان کا کہنا تھاکہ سینیٹ اجلاس میں نہ آنا یوسف رضا گیلانی کی غلطی تھی، نہ آنے کی صفائی بھی وہ خود دیں گے، عوام نے بھی ان کی کافی سرزنش کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کو مستقبل میں پیپلز پارٹی کے خلاف لڑنا ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت کو 13سال ہوچکے، عوام کو صحت وتعلیم کی سہولت میسر نہیں، ضرورت اس بات کی تھی کہ پیپلزپارٹی عوام کے مسائل حل کرتی، نوازشریف نے جتنے وفاقی وسائل سندھ پر خرچ کیے، کسی حکومت نے نہیں کیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ میثاق جمہوریت کا ایک مقصد تھا لیکن تاریخ بتائے گی میثاق جمہوریت کے ساتھ کیا ہوا؟ خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی شہباز شریف نے لاہور میں آصف زرداری اور بلاول بھٹوکی دعوت کی تھی جس میں حکومت کے خلاف سیاسی ہم آہنگی پر اتفاق ہوا تھااور اختلافات کے سوال پر شہباز شریف نے یہ بھی کہا تھا دل جڑ گئے ہیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جو کچھ سب جانتے ہیں اور جانتے ہیں کہ جتنے وسائل ن لیگ نے صوبوں کے بڑھائے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، نوازشریف نے جتنے وفاقی وسائل سندھ پرخرچ کیے کہیں اور نہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جب حکومت بدنیتی پر اتر آئے تو بل پاس ہوجاتے ہیں، حکومت ایسا بل لیکر آئی جو عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارٹیوں میں اختلاف ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مقابلہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو ہٹانے کے لیے ہم سب متحد ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی کو سڑک پر نہیں گھسیٹا، سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی اکھٹے ہیں۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں