میری مٹھائی میری مرضی، مظاہرین کا مٹھائی پول دوبارہ کرانے کا مطالبہ

ٹوئیٹر کے علاوہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر دوبارہ سروے کرائے جائیں،سوشل میڈیا صارفین حکومت کی جانب سے ٹوئیٹر سروے کی بنیاد پر گلاب جامن کو قومی مٹھائی قرار دینے کے خلاف سوشل میڈیا صارفین کااحتجاجی مظاہرہ

اتوار 6 جنوری 2019 13:00

میری مٹھائی میری مرضی، مظاہرین کا مٹھائی پول دوبارہ کرانے کا مطالبہ
سانگھڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2019ء) حکومت کی جانب سے ٹوئیٹر سروے کی بنیاد پر گلاب جامن کو قومی مٹھائی قرار دینے کے خلاف سانگھڑ میں سوشل میڈیا صارفین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دوبارہ سروے کا مطالبہ کیا ہے۔مظاہرین نے کہاکہ صرف ٹوئیٹر پر سروے نا انصافی ہے کیوں کہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد فیس بک اور انسٹاگرام استعمال کرتی ہے۔

احتجاج میں شریک افراد نے اپنی پسند کی مٹھائیاں کھائیں اور مٹھائی پول نامنظور، مٹھائی پول دوبارہ کرا نے کے نعرے لگائے۔مظاہرین نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا، مٹھائی پول میں فیس بک اور انسٹاگرام کو بھی شامل کرو، برفی پاکستان کی نمبر ایک مٹھائی ہے، یکطرفہ مٹھائی پول نامنظور، مٹھائی پول دوبارہ کروایا جائے، سانگھڑ کا خصوصی ماوا قومی مٹھائی قرار دیا جائے اور میری مٹھائی میری مرضی۔

(جاری ہے)

احتجاج میں شریک افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹوئیٹر کے علاوہ فیس بک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر دوبارہ سروے کرائے جائیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں 3 کروڑ 50 لاکھ افراد فیس بک کے صارفین ہیں اور انسٹاگرام کے صارفین کی تعداد 52 لاکھ ہے جبکہ ٹوئیٹر کو صرف 50 لاکھ لوگ استعمال کرتے ہیں۔گزشتہ ہفتے حکومت نے قومی مٹھائی کے سلسلے میں ٹوئیٹر پر ایک سروے کا انعقاد کیا جس میں کل 15 ہزار 196 افراد نے حصہ لیا۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 47 فیصد ٹوئیٹر صارفین نے گلاب جامن کے حق میں ووٹ دے دیا اور دوسرے نمبر پر جلیبی آئی جس کو 34 فیصد ووٹ ملے جبکہ 19 فیصد ووٹ کے ساتھ برفی تیسرے نمبر پر آئی۔

سانگھڑ میں شائع ہونے والی مزید خبریں