گندم خریداری مہم کے سو فیصد اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ذاتی جیب سے بھی گندم خرید کر لانا پڑی تو لانا ہو گی،کمشنر سرگودھا

محکمہ خوراک اور ریونیو کاعملہ ذخیرہ اندوزوں کا کھوج لگائے اور بڑے آپریشن کئے جائیں، سو فیصد ہدف حاصل کرنے تک کسی کو چین سے نہیں بیٹھنے دیا جائیگا،اجلاس سے خطاب

ہفتہ 30 مئی 2020 16:39

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز او رمحکمہ خوراک کے افسران پر واضح کیا کہ گندم خریداری مہم کے سو فیصد اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اگر انہیں مارکیٹ میں اگلے ڈیڑھ ماہ تک بیٹھ کر ذاتی جیب سے بھی گندم خرید کر لانا پڑی تو لانا ہو گی۔انہوں نے محکمہ خوراک اور ریونیو کے عملہ کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کا کھوج لگائے اور بڑے آپریشن کئے جائیں۔

ذرائع کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا کہ ڈویژن بھر میں ریکارڈ پیداوار ہوئی اور حکومت نے صرف پانچواں حصہ خریدکاہے۔ سو فیصد ہدف حاصل کرنے تک کسی کو چین سے نہیں بیٹھنے دیا جائیگا ۔ وہ گندم خریداری مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محکمہ خوراک زراعت کے افسران او راے ڈی سی آر کے اجلاس میں گھر گھر جا کر تلاشی لے کر کاشتکارکے پاس ضرورت سے زیادہ موجودگندم اٹھا کر خریداری مراکزلانے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ ریونیو او رخوراک کے عرصہ دراز سے تعینات عملہ کو پتہ ہے کہ کہاں گندم موجود ہے ۔ ناکامی کی صورت میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے چاروں اضلاع میں اگلے دس دنوں میں روزانہ چار فیصد خریداری ہدف حاصل کرنے کیلئے تمام ذرائع کو استعمال میں لانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے چاروں اضلاع میں تقسیم شدہ باردانہ کی سو فیصد واپس کیلئے بھی تمام وسائل استعمال میں لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے ڈویژن بھر کے بڑے کاشتکاروں کی گندم کی کاشت کاریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں