سرگودھا،پتھر مارکیٹ میں سٹون کریشرز/پلانٹ بند، ہزاروں مزدور بے روزگار ہو گئے

ڈکیتی و چوری کی تشویشناک حد تک بڑھتی وارداتو ں نے بھی عدم تحفظ کی فضاء قائم کردی ، مالکان سراپا احتجاج

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:03

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) پتھر مارکیٹ میں سٹون کریشرز/پلانٹ بند ہونے کے باعث جہاں ہزاروں مزدور بے روزگار ہو کر رہ گئے ہیں وہاں ڈکیتی و چوری کی تشویشناک حد تک بڑھتی وارداتو ں نے عدم تحفظ کی فضاء قائم کردی ہے ،جس پر مالکان سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں، ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے تحت ہونیوالی لیزوں پر تاحال کام شروع نہیں ہو سکا اور پہلے سے جاری اکثر لیز یں بھی بند ہونے کی وجہ سے سٹون کریشرز پر بھی کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ، صورتحال کے باعث بے روزگاری کے ساتھ ساتھ اس وسیع و عریض پتھر مارکیٹ میں ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، کام کی بندش کی وجہ سے سٹون کریشر مالکان عملے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے نکالے جانیوالے مزدوروں کی اکثریت انتہائی مالی ابتری کا شکار ہے ، ایک بڑی تعداد نقل مکانی کر کے روزگار کیلئے دیگر علاقوں کا رخ کر رہی ہے ، جبکہ وارداتوں نے سٹون کریشر مالکان کی ناک میں دم کر کے رکھ دیا ہے ،جن کی روک تھام میں مقامی پولیس مکمل طور پر ناکام ہے،زیادہ وارداتیں 123،125،126جنوبی کی پہاڑیوں میں رونما ہوئیں، مالکان کا کہنا ہے کہ پولیس کو شکایت کی جائے تو آگے سے کہا جاتا ہے کہ ’’ساگدے رہنا،ساڈے تے نہ رہنا‘‘ علاقے میں پولیس گشت نہ ہونے کے برابر ہے ، اور وارداتوں مین اضافہ سے صورتحال باعث تشویش بنتی جا رہی ہے ، اگر انتظامیہ اور پولیس نے اقدامات نہ اٹھائے تو احتجاج پر مجبور ہونگے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں