کسانوں کو مختلف بنکوں نے چھ کروڑ 58لاکھ روپے سے زائد کے بلا سود زرعی قرضے جاری کئے

جمعہ 24 فروری 2017 15:17

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) ضلع سرگودہامیں رواں سال 1554کسانوں کو مختلف بنکوں کی طرف سے چھ کروڑ 58لاکھ روپے سے زائد کے بلا سود زرعی قرضے جاری کئے جا چکے ہیں ان میں اخوت بنک کی طرف سے ایک کروڑ 90لاکھ روپے، زرعی ترقیاتی بنک سے تین کروڑ آٹھ لاکھ روپے اور این آر ایس پی کی طرف سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ 92ہزار روپے کے بلا سود زرعی قرضوں کا اجراء کیا گیا ۔

اسی طرح کسان پیکج کے تحت 28190کسانوں کی کارڈز کے اجراء کیلئے رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔جن میں سے 7484کسانوں کا ڈیٹا پی آئی ٹی بی کے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کیا جا چکا ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت ضلعی زرعی مشاورتی بورڈ کے اجلاس میں بتائی گئی ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت فیض احمد کندی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت سمیت دیگر اداروں کو کسانوں کے ریلیف کیلئے بھر پور اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کسان پیکج فی ایکٹر پیدا وار میں اضافے کیلئے سنگ میل کی ہے۔ اس سال کسانوں کیلئے بلا سود زرعی قرضوں کے اجراء کے ساتھ ساتھ کھادوں ، بیجوں اور دیگر زرعی آلات کی فراہمی کیلئے سبسڈ ی اور قیمتوں میں کمی کی وجہ سے گندم کی بمپر کراپ ہو گی۔

جس سے ملک غذائی خود کفالت سے ہمکنار ہو گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس سال ضلع سرگودہا میں پانچ لاکھ 36ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل کاشت کی گئی اسی طرح گزشتہ سال ایک لاکھ 69ہزار ایکٹر رقبہ پر چاول کی فصل ، ایک لاکھ 51ہزار ایکڑ رقبہ پر کماد اور دو لاکھ 22ہزار ایکڑ رقبہ پر سٹریس کی فصل کاشت کی گئی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں