میٹرک 2018 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کیلئے تقریب کا انعقاد

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:03

سرگودھا۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد ظفراقبال نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان اقبال کے شاہین ہیںاور ان کی پرواز آسمانوں پر ہے یہ بلند سوچ ‘ اعلیٰ عزم اور خود اعتمادی سے لبریز ہیں۔یہ پاکستان کے درخشاں مستقبل کی نوید ہیں۔ان خیالات کااظہار انہو ںنے بورڈ آف انٹر میڈیٹ وسکینڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام بورڈ کیمپس میں پوزیشن ہولڈرز بچوں کو میڈلز ‘نقد انعامات ‘ اسناد اور میٹرک 2018 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سید مظہر حسین شاہ ‘ کنٹرولر پروفیسر محمد اکرم تارڑ ‘ پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کے والدین ‘اداروںکے اساتذہ اور معززین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

کمشنر سرگودہا ڈویژ ن نے طلباء پر زور دیا کہ وہ خود احتسابی کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں ۔ اپنی صبح نو پر آغاز اللہ کی یاد سے کریں اور اپنے دن کااختتام اپنے معمولات کے احتساب سے کریں ۔

انہوںنے کہاکہ طلبہ اپنے اہداف بلند رکھیںاور عمل پیہم وجہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں ۔انہوں نے زور دیاکہ طلباء قائد اعظم کے ماٹو’ کام کام اور بس کام ‘ پر عمل پیرا ہوں ۔اپنی جستجو کو ساکن نہ ہونے دیںاور مستقبل میں بھی اپنی کامیابیوں کیلئے کوششوں کو جاری رکھیں۔انہوںنے کہاکہ قائد اعظم نے ہمیشہ تعلیم پر زور دیا ان کی ترغیب تھی کہ ملک کے کل بجٹ کا 25فیصد تعلیم پر خرچ کیا جائے ۔

انہوں نے طلباء وطالبا ت پر زور دیا کہ وہ اس ملک کے سپوت ہیں اس ملک نے انہیں بہت کچھ دیاہے ۔ وہ اپنی صلاحیتوں کو اس ملک کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں ۔انہوں نے سرکاری سکولوں کے طلبہ کی میٹرک میں بہتر کارکردگی نہ ہونے پر تعلیمی اساتذہ پر زور دیا کہ وہ سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی اس قابل بنائیں کہ ان کے اپنے بچے ان سکولوں میں تعلیم حاصل کر کے اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کریں۔

۔ انہوں نے کہاکہ سال 2018کے سالانہ امتحانات میں 87613طلبا وطالبات نے شرکت کی جس میں سے 70578کامیاب اور 17035ناکام ہوئے ۔اس طرح 2018 کا تاریخی نتیجہ 80.56 فیصد رہا ۔پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں دارارقم ماڈل سکول کے عمار منیر نے 1087نمبر حاصل کر کے مجموعی طو رپر اول ‘ گورنمنٹ ہائی سکول لکسیاں کے امجد علی نے 1086نمبر لے کر دوسری جبکہ دارارقم ماڈل ہائی سکول کے علی حسن ‘ اسلامک الٹا وسٹا ہائی سکول کی عاتکہ اور ثنائی سکول سسٹم کی عزیٰ منیر نے 1085 نمبر لے کر تیسری پوزیشنیں حاصل کی۔

سائنس طالبا ت گروپ میں اسلامک الٹا وسٹا کی عاتکہ اور ثنائی سکول سسٹم کی عزیٰ منیر نے 1085نمبر لے کر پہلی ‘ دارارقم گرلز سکول جوہر آباد مریم وکیل نے 1082نمبر لے کر دوسری ‘ ثنائی سکول سسٹم کی آبرو اسلام اور کمپری ہنسو ماڈل گرلز ہائی سکول سلانوالی کی اقراء سلیم نے 1081نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس طالبات گروپ میں اسلامک الٹا وسٹا سکول کی ربیعہ ملک نے 1043 نمبر لے پہلی ‘ پنجاب پبلک گرلز ہائی سکول نیوسٹیلائٹ ٹاؤن شاہوانہ 1036نمبر لے کر دوسری اور پرائیویٹ طالبہ طاہر یاسمین 1031 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

اسی طرح سائنس طلباء گروپ میں دارارقم ماڈل ہائی سکول کے عمار منیر نے 1087 نمبر لے کر پہلی ‘ گورنمنٹ ہائی سکول لکسیاں کے امجد علی نے 1086 نمبر حاصل کر کے دوسری اور دارارقم ماڈل ہائی سکول کے علی حسن نے 1085 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس کے طلبا ء گروپ میں گورنمنٹ ہائی سکول بیر بل شریف کے اسامہ شوکت نے 1020نمبر لے پہلی جبکہ پرائیویٹ طالب علم احمد بخت 1019نمبروں سے دوسرے اور پرائیویٹ طالب علم محمد قاسم علی 1001 لے کر تیسرے نمبر پر آئے۔

مہمان خصوصی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکبادی ۔تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کو میڈلز ‘ نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے اور انہیںپولیس کے چاک وچوبند دستے نے گارڈر آف آنر پیش کیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں