سرگودھا یونیورسٹی اورآسٹریلیا کے مابین آبپاشی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے معاہدہ طے پایا گیا

منگل 18 ستمبر 2018 18:32

سرگودھا۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور یونیورسٹی آف کنبیرا (آسٹریلیا) کے مابین آبپاشی کے مسائل پر قابو پانے اور چھوٹے کسانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا، تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر (آسٹریلیا) کی جانب سے امدادی پروجیکٹ کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا اور یونیورسٹی آف کنبیرا (آسٹریلیا) کے درمیان چھوٹے کسانوں اور درمیانے سائز کے زرعی فارمز کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، تقریب میں ڈاکٹر ہینے مصطفیٰ سندرہ پرنسپل انسٹرکٹر آسٹریلین انٹرنیشنل ایگرکلچرل ریسرچ سنٹر ،ڈاکٹر محمد افضل ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر، راحیلہ خان نمائندہ سافٹ پاکستان، ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا پرنسپل ایگریکلچر کالج، ڈاکٹر محمد اشرف چئیرمین ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن اور یونیورسٹی انتظامیہ کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر ہینے مصطفیٰ سندرہ نے کہا ہے کہ اس پراجیکٹ کے سلسلہ میں گزشتہ 18ماہ سے ہم پاکستان کے مختلف علاقوں جن میں بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے دیہی علاقے شامل ہیں کا دورہ کر چکے ہیں جہاں پر چھوٹے کسانوں کو زرعی آبپاشی کے مناسب بندوبست و انتظام کے مسائل درپیش ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم ایسے تمام علاقوں میں چھوٹے کسانوں کی تربیت اور مہارت کے لیے سرگرم ہے جہاں پانی کی کمی اور آبپاشی کے نامناسب انتظامات کے باعث کسانوں کی استعدادِکار متاثر ہو رہی ہے، ڈاکٹر محمد افضل کا کہنا تھا کہ سرگودھا یونیورسٹی اور آسٹریلین انٹرنیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر کے مابین معاہدہ علاقے میں پانی کی کمی اور نظامِ ِآبپاشی، زرعی سہولیات اور زراعت میں جدید تحقیق کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے،معاہدے کے تحت آسٹریلین انٹرنیشنل ایگرکلچرل ریسرچ سنٹر سرگودھا یونیورسٹی کے ایگریکلچرل ایکسٹینشن ڈیپارٹمنٹ کے ایک طالبعلم کو زرعی تحقیق کے لیے سکالرشپ فراہم کریگا،علاوہ ازیں، یہ معاہدہ نہ صرف سرگودھا یونیورسٹی کو خصوصی نوعیت کے تحقیقی مقالہ جات مرتب کرنے میں مدد فراہم کریگا بلکہ طلبہ اور فیکلٹی ممبران کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں منعقد کیے جانے والے سیمیناروں، ورکشاپوں ، تربیتی پروگراموں اور پراجیکٹ کے وقوع کا دورہ کرنے کی سہولت بھی فراہم کریگا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں