سرگودھا یونیورسٹی میں ’’ سی پیک اور بلوچستان‘‘ کے موضوع پرسیمینار کا انعقاد

جمعہ 16 نومبر 2018 17:53

سرگودھا۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) سرگودھا یونیورسٹی کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے زیر اہتمام ’’ سی پیک اور بلوچستان‘‘ کے موضوع پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ممتاز محقق اور کو ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس سٹڈیز صفدر حسین نے سی پیک اور بلوچستان کے تناظر میںمقالہ پیش کیا،سیمینار میں وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد،ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز ڈاکٹر فضل الرحمن، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی،صفدر حسین نے مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک بلوچستان سمیت پاکستان بھرمیں معاشی انقلاب کاباعث بننے جا رہا ہے،بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے،سی پیک چین کے لینڈ لاکڈ صوبے ژن ژیانگ کو گوادر سے جوڑے گا اور ساتھ میں سڑکوں اور ریلوے لائنوں کے نیٹ ورک سے بلوچستان علاقائی طور پر تجارتی دروازے کا کام کرے گا ،انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے تحت انرجی، روڈ انفراسٹرکچر،ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن،گوادر ایکسپریس وے،گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ ،فری زون کی تعمیر،صاف پانی کی فراہمی،پاک چین دوستی اسپتال، پیشہ ورانہ تربیتی مرکز ، گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹرپلان، انڈسٹری کے قیام اور گوادر میں روزگار فراہمی کے مختلف منصوبے مکمل کیے جائیں گے،علاوہ ازیں اکنامک زونز بھی قائم کیے جا رہے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان خاص طور پر تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اور بلوچستان کے شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز ڈاکٹر فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین خود کو دنیا سے جوڑنے کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ کے انقلابی منصوبے کے ذریعے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں تیزی سے تجارتی ڈھانچے کھڑے کر رہا ہے جن سے چائنہ ہی نہیں دیگر ممالک بھی مستفید ہو رہے ہیں، اقتصادی راہداری کے یہ منصوبے خطے میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کر رہے ہیں،اقتصادی راہداری کی تکمیل کے لیے چین 71ممالک میں کی گئی80بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کو ایک ٹریلین ڈالر تک بڑھا رہا ہے، چین آنے والے چند سالوں میں دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت بن کر ابھرے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میںسی پیک منصوبہ کامیاب بنانے کے لیے داخلی و خارجی مسائل کو حل کرکے پائیدار پالیسی بنانا ہو گی تاکہ سی پیک کے مضمرات سے صحیح طرح مستفید ہو ا جا سکے، چین کے ساتھ دوستی اپنی جگہ لیکن تجارتی روابط کو مضبوط کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم دوست ملک کے بارے میں بہتر انداز سے جانیں، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز اس ضمن میں اپنا کردار بخوبی سر انجام دیتا رہے گا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں