سرگودھا یونیورسٹی میں کشمیری خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے طالبات نے ریلی نکالی

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:29

سرگودھا۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں کشمیری خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے طالبات نے ریلی نکالی جس کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کی۔ ریلی میں یونیورسٹی کی خواتین فیکلٹی ممبران اور سٹاف نے بھی شرکت کی اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام بالخصوص خواتین پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری خواتین کی عزت و ناموس اور وقار کا احترام یقینی بنایا جائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حق آزادی دیا جائے۔

ریلی کے دوران طالبات نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے،طالبات نے یک زباں ہو کر یہ پیغام دیا کہ ہم کشمیری خواتین کے ساتھ ہیں اور یہ کہ عالمی برادی فی الفور مسئلہ کشمیر پر توجہ دیتے ہوئے ناجائز بھارتی تسلط کا خاتمہ کرے۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ پاکستان میں لفظ -’’ ک‘‘ کشمیر کی علامت ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

کشمیری دہائیوں سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اورآزادی کیلئے ایک لاکھ سے زائد جانیں قربان کر چکے ہیں۔ بھارت تمام تر منفی ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ کم نہ کر سکا۔گزشتہ دس سال میں جدوجہد آزادی میں مزید تیزی آ گئی ہے اور ڈیڑھ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کی وجہ سے بدترین حالات ہیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کشمیریوں کی آواز بنیں اور اقوام عالم کو یہ باور کرائیں کہ بھارت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کشمیریوں کی آزادی سلب کر لے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں وہ بیان نہیں کیے جا سکتے،کشمیری مائیں، بہنیں ، بیٹیاں بدترین حالات سے دو چار ہیں، مائوں کے لال لاپتا ہیں، کشمیر کی نیم بیوائوں کو نہیںمعلوم کہ ان کے شوہر زندہ بھی ہیں کہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ڈیجیٹل میڈیا کا ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر کی آواز بنیں اور دنیا کو بتائیں کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں۔ یہی وقت ہے کشمیر کے حق کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کا کیونکہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کا ساتھ دے رہی ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں