سرگودھا یونیورسٹی میں معذور افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے سیمینار

جمعہ 13 دسمبر 2019 15:32

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) سرگودھا یونیورسٹی میں سپیشل افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ہیلپر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین ہال کونسل ڈاکٹر طاہر نواز، فیکلٹی ممبران، سیاسی و سماجی شخصیات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ سیمینار معذور افراد کے عالمی دن کے تسلسل میں منعقد کیا گیا جس کا مقصد معذور افراد کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کے عزم کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ معذور افراد کو ہمارے معاشرے میں بوجھ سمجھا جاتا ہے، انہیں معذور نہ سمجھا جائے یہ خاص افراد ہیں ان کے ساتھ خاص برتائو کیا جائے۔

(جاری ہے)

لاء ڈیپارٹمنٹ کی اسسٹنٹ پروفیسر عاتکہ نے کہا کہ معذوروں کے احساس محرومی کا خاتمہ کرنے اور ان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ یہ معاشرے میں فعال کردار بخوبی ادا کر سکیں۔

جنرل سیکرٹری ہیلپر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ شوکت علی نے کہا کہ ہم معذور افراد کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ سیاسی رہنما انصر ہرل نے کہا کہ ہر سطح پر سپیشل افراد کے لیے آسانیاںپیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سیمینار سے سابق صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس مرزا مختار، صدر ہیلپر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ روبینہ مختار سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے معذور افراد کو خصوصی افراد کا درجہ دیا ہوا ہے، وہ لوگ جو کسی جسمانی یا دماغی بیماری میں مبتلا ہوں جو معمولات زندگی سرانجام دینے کی اہلیت و صلاحیت پرگہرے اور طویل اثرات مرتب کرے یا وہ بیماری اس فرد کے کام کرنے کی اہلیت یا صلاحیت کو ختم کرے سپیشل افراد ہیں۔

معذوری ذہنی، جسمانی ، پیدائشی اور حادثاتی بھی ہو سکتی ہے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں