اے پی ایس پشاور کے شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے پوری قوم کو دہشتگردی کیخلاف متحد کردیا، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:20

سرگودھا۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا سلوت سعید نے کہا ہے کہ اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے پوری قوم کو دہشتگردی کیخلاف متحد کردیا ۔ معصوم پھولوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گاان کی قربانیوں سے دہشتگرد اپنے آخری انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ ضرب عضب ‘ رد الفساد اور ملک میں قیام امن کیلئے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی قربانیاںناقابل فراموش ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈویژنل پبلک سکول سرگودھا میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے پھولوں جیسے معصوم بچوں کی یاد ہمارے ذہنوں میں نقش ہے،ننھے پھولوں کو یاد کرکے آج بھی آنکھیں بھر آتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم کو کنٹرول کرنے اور دہشتگردوں سے مقابلہ کرنے کیلئے پاک فوج کے جوانوں نے جو قربانیاں دیں ہیں اس پر ان کو جس قدر خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔ شہداء سانحہ اے پی سی پشاور کی قربانیوں کے باعث ملک میں دہشتگردی کیخلاف پاک فوج‘ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے جو آپریشن کیا اس کے بعد ملک میںامن قائم ہو گیا ۔

سلوت سعید نے کہا کہ جس طرح انسانیت کے دشمنوں نے معصوم بچوں کیساتھ خون کی ہولی کھیلی وہ لمحہ ان والدین کیلئے انتہائی قرب ناک ہے جن کے بچے اس واقعہ میں جام شہادت نوش کرگئے ،یہ ان بچوں کی قربانیوں کا صلہ ہے کہ آج پاکستان میں دیگر بچے اور شہری دہشتگردوں کے ہاتھوں محفوظ ہیں ۔ تقریب کے آخر میں آرٹس کونسل سرگودھا کی طرف سے سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

ڈویژنل پبلک سکول کی پرنسپل فائزہ نوین ، سکول کے اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر آرمی پبلک سکول پشاور میں جام شہادت نوش کرنے والے بچوں اور دیگر شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کی یاد میں شمعیںبھی روشن کی گئیں ۔ بعدازاں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سکول کے بچوں نے واک منعقد کی واک کے شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کی مذمت کے نعرے درج تھے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں