ن لیگ سے قومی اسمبلی کی ایک نشست چھن گئی

الیکشن کمیشن نے این اے 91 سرگودھا سے تحریک انصاف کے امیدوار عامر چیمہ کے منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دے دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 فروری 2019 19:38

ن لیگ سے قومی اسمبلی کی ایک نشست چھن گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2019ء) ن لیگ سے قومی اسمبلی کی ایک نشست چھن گئی، الیکشن کمیشن نے این اے 91 سرگودھا سے تحریک انصاف کے امیدوار عامر چیمہ کے منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ایک نشست کم ہوگئی ہے۔ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سرگودھا سے قومی اسمبلی کی نشست ن لیگ سے چھیننے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو این اے 91 سرگودھا سے کامیاب امیدوارعامرچیمہ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے لیگی ایم این اے ذوالفقار بھٹی کی جانب سے سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں ری پولنگ رکوانے کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے اس حلقہ کے 20 پولنگ سٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم دیا جس کے خلاف لیگی ایم این اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو فیصلے تک انتخابی نتائج جاری کرنے سے روک رکھا تھا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار نے اس حوالے سے سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کی ہے ۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے درخواست نمٹاتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ایک وقت میں دو فورمز پر ایک ہی ریلیف کس طرح مانگ سکتے ہیں؟ جب تک اپیل سپریم کورٹ میں ہے کوئی فیصلہ نہیں دے سکتے ۔

ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف درخواست کو اسی ماہ سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق نے راجہ صائم الحق ستی ایڈووکیٹ کی جانب سے پٹیشن کی جلد سماعت کی متفرق درخواست منظور کر لی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں