جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 31 مارچ کو سرگودھا آئیں گے

ایم ایم اے کا تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کراچی،سکھر،لاہور،مظفر گڑھ کے بعد 31 مارچ کو سرگودھا میں ہو رہا ہے

اتوار 24 مارچ 2019 12:40

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 31 مارچ کو سرگودھا آئیں گے جو یہاں فاطمہ جناح روڈ سے شروع ہونے والے تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کی قیادت کریں گے جس سے مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر علماء خطاب کریں گے۔ زرائع کے مطابق ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے شروع ہونے والے تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کا رخ سرگودھا سے آگے اسلام آباد کی طرف چلے گا۔

اس سلسلہ میں جمعیت کی مرکزی شوری کے رکن سنیٹر مولانا عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر تمام مذہبی جماعتیں متحد ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایم ایم اے کا تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ کراچی،سکھر،لاہور،مظفر گڑھ کے بعد 31 مارچ کو سرگودھا میں ہو رہا ہے جس کے لئے خوشاب ، بھکر،فیصل آباد،چنیوٹ،چکوال،اٹک سمیت قریبی اضلاع میں رابطہ مہم تیزی کر دی گئی ہے اور سرگودھا کے بعد اسلام آباد کی جانب رخ کرنے والا یہ تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ آج تک ہونے والے دھرنوں اور سیاسی مارچ کا ریکارڈ توڑ ے گااور اسلام آباد کا پڑاو حکمرانوں کی آنکھیں کھول دے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سرگودھا ملین مارچ کے انتظامات کا جائزہ میں علمائے کرام سمیت کارکنان کو بھر پور طریقہ سے رابطہ چلانے کے لئے متحرک کیا اور لوگوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملین مارچ کے ذریعے اسلام دشمن سرگرمیوں سے آگاہی حاصل کریں ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں