سرگودھا یونیورسٹی میںکیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا

جمعہ 19 اپریل 2019 11:15

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) طلبہ کو فل برائیٹ سکالرشپ اور جی آر ای ٹیسٹ کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میںکیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم فل، بی ایس سال آخر کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا انعقاد امریکہ کی ایجوکیشن فائونڈیشن کے اشتراک سے کیا گیا۔

ورکشاپ میں یو ایس ایجوکیشن فائونڈیشن کی ایجوکیشن ایڈوائزر مشعل خان ، مسٹر اسد اور پروگرام آفیسر فائزہ رانی نے جی آر ای ٹیسٹ کی تیا ر ی اور یو ایس ایڈ کے فل برائیٹ سکالرشپ سے متعلق معلومات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک ایم فل اور پی ایچ ڈی میںداخلوں اورسکالر شپ حاصل کرنے کے لیے جی آر ای ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے اور یہ کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے وافر مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی طلبا کو ہر صورت فائدہ اٹھا نا چاہیے تاکہ وہ ملکی ترقی اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انچارج کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر مریم گل نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کے طلبہ کسی بھی بڑے شہر کے طلبہ سے ذہانت اور صلاحیتوں میں کم نہیں اور اس بات کی صلاحیت رکھتے ہیں کہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی و بین الاقوامی سکالرشپس حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو یہ بات ذہن میں رکھنا ہو گی کہ کسی دوسرے ملک کی تعلیمی سکالرشپ حاصل کرنے بعد ڈگری مکمل کرنا ہی مقصد نہیں ہونا چاہیے بلکہ طلبہ کو یہ سوچنا ہوگا کہ وہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ کر کس طرح اپنے ملک وقوم کی بہتری کیلئے اپنے علم کو بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے جی آر ای اور مختلف سکالر شپس کے حوالے سے مختلف سوالات بھی کیے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں