محنتی اور ذمہ دار سرکاری اہلکار محکمہ کی عزت‘ شان اور وقار ہوتے ہیں، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سرگودھا

اتوار 25 اگست 2019 15:00

سرگودھا ۔25اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حسین احمد گوندل نے کہا ہے کہ محنتی اور ذمہ دار سرکاری اہلکار محکمہ کی عزت‘ شان اور وقار ہوتے ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ سے پیدا ہونے والا خلا تا دیر پر نہیں ہوسکتا۔ وہ اپنے ساتھی اہلکاروں کیلئے سنہری یادیں چھوڑ کر جاتے ہیں اور ان کے نقوش ان مٹ رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے ذیلی اداروں کے ریٹائرڈ ہونیوالے اسسٹنٹ محمد عبداللہ‘ غلام رسول اور طارق مسیح کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر (ر) افتخار احمد چیمہ‘ ناصر محمود چیمہ‘ ڈاکٹر احمد حسن‘ مہر محمد فیاض ہرل‘ محمد یار گوندل‘ عابد حسین نقوی‘ ام فروا ہمدانی دارالفلاح‘ ملک منظور (ر) سپرٹینڈنٹ اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے کہا کہ تینوں اہلکار محکمہ کیلئے انتہائی کارگر اور مفید تھے۔ انہوں نے اپنے پیچھے شاندار یادگاریں چھوڑی ہیں اور یہ مستقبل میں دیگر اہلکاروں کیلئے مثال رہیں گے۔

انہوں نے اہلکاروں کی فہم و فراست‘ دانشمندی اور اخلاص پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں ریٹائرڈ ہونیوالے اہلکاروں کو تحائف دیئے گئے۔ اس موقع پر محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران نے ڈائریکٹر حسین احمد گوندل کو ان کی ترقی اور تعیناتی پر مبارکباد دی اور انہیں خوش آمدید کہا۔ افسران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی سے ادارہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے گا وہ ایک پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والے آفیسر ہیں۔ تقریب میں ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں