ڈپٹی کمشنر کی زیادہ فیس وصول کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف سخت کاروائی

منگل 22 اکتوبر 2019 16:00

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنرآسیہ گل نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب زیادہ فیس وصول کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عدالت ِعظمیٰ کے جاری حکم نامے کیمطابق تمام ایسے پرائیویٹ سکولز جو جنوری 2017ء تک چار ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہے تھے وہ ہر سال صرف پانچ فیصد اضافہ کر سکتے ہیں جبکہ ایسے تعلیمی ادارے جنہوںنے فیسوں میں اضافہ سے متعلق ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی سے منظوری حاصل کر رکھی ہے وہ سالانہ آٹھ فیصد تک اضافہ کر سکتے ہیں۔

وہ ضلعی رجسٹریشن اتھارٹی برائے پرائیویٹ مینجمنٹ سکولز کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اجلاس میں سی او ایجوکیشن اتھارٹی ریاض قدیر بھٹی ،ڈی ایم او کے نمائندے کے علاوہ والدین کی طرف سے کنور قربان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کونینسر گرائم سکول،سٹی سکول اوربیکن ہائوس سمیت دیگر سکولو ں کو زائد وصول فیس دو ماہ کے اندر بچوںکی فیسوں میں ایڈجسٹ کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔

انہوںنے ریڈر گرائمر سکول اور ثنائی سکول سمیت دیگر زائد فیس وصول کرنے والے اداروںکو ایک ماہ کے اندر طلبہ کی فیسیں ایڈ جسٹمنٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوںنے رجسٹریشن کے بغیر کام کرنے والے پاک گرائمر سکول سمیت دیگر سکولوںکو حتمی نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ 90دن کے اندر رجسٹریشن نہ کروانے والے تمام ایسے سکولوں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر دی جائیں گی۔

انہوں نے قانو ن شکنی کے مرتکب پاک گرائمر، نیشنل سکول 10ایم ایل اور Accordobaسکول بھلوال کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا۔ سی او یجوکیشن اتھارٹی ریا ض قدیر بھٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھر سے 50سکولوں کی رجسٹریشن کے لئے موصول درخواستوں پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے اور تمام ضوابط و قواعد پر پورا اترنے والے سکولوں کو ایک سے پانچ سال تک کی تجدید دی جاتی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ ضلع بھر میں 13سکولز چار ہزار روپے سے زائد فیس وصول کر رہے ہیں۔ جن کے تمام ریکارڈ کا از سر نو جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ نجی سکولوں میں طلبہ کیلئے تمام سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے اور ان شرائط پر پورا نہ اترنے والے سکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے ۔ انہوںنے مقرر کردہ فیسوںکی وصولی کے احکامات پر یقینی بنانے کیلئے ہر ماہ نجی تعلیمی اداروں سے جمع شدہ فیسوں کی اصل رسیدیں طلب کر کے ریکارڈ کا حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں