سرگودھا شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے عارضی اور پختہ تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی

اتوار 12 جولائی 2020 15:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2020ء) سرگودھا شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے عیدالاضحی کے بعد عارضی اور پختہ تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کے لئے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی جس میں انسداد تجاوزات عملہ کو ہیوی مشنری کے سکیورٹی کے لئے پولیس فورس مہیا کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق میٹروپولٹین کارپوریشن اور تاجران نمائندوں کے مشترکہ اجلاس میں عیدالاضحی کے فوری بعد اندرون شہر کے تمام بازاروں سے پختہ اور عارضی تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے پر اتفاق ہو گیاجبکہ اندرون بازاروں میں ریڑھی چھابے لگانے پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی اور آئندہ خلاف ورزی پر ریڑھاں اور تجاوزات کا سامان بحق سرکار ضبط کر لیا جائیگا۔

اس مشترکہ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل کمشنر کو ارڈینیشن شہباز حسین نقوی نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اندرون شہر بازاروں میں پختہ تجاوزات کے سروے اور نشاندہی کیلئے تاجر نمائندوں اورمیٹروپولٹین کارپوریشن افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کر لیاگیا۔ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نے کہا کہ اندرون شہر کے بازاروں میں تجاوزات سے گاہکوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور چنگ چی رکشوں نے کھلی سڑکوں کو تنگ کرکے گلیوں کی مانندکر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی اندرون شہر چنگ چی رکشوں کے داخلے پر پابندی کے حوالے سے قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کو اب کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔عید الاضحی کے بعد دکانوں کے سامنے پختہ تجاوزات قائم کرنے یا پھٹہ وغیرہ لگانے پر دکانوں کو سیل کر دیا جائیگا۔انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اہلکاروں پر واضح کیا کہ تجاوزات کی آڑ میں کرپشن یا رشوت وصولی کی مصدقہ اطلاعات پر ایسے ملازمین کو نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

اجلاس میں شہر سے تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے تاجروں نے اپنی مفید آرا سے افسران کو آگاہ کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سرگودھا میں تجاوزات کی بھر پور کرنے والے قبضہ مافیا کو بااثر دوکانداروں اور تاجران تنظیموں کے عہدیداران کی سرپرستی اور انسداد تجاوزات عملہ کا ماہانہ بھتہ کی بدولت مکمل تحفظ حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں