آلائشوں کو پولیتھین بیگز میں ڈال کر گھروں کے باہر یا کارپوریشن کے مخصوص کیے گئے مقامات پر رکھیں ،کمشنر میٹروپولیٹن کارپوریشن

پیر 3 اگست 2020 10:30

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) کمشنر وایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور برساتی پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کیلئے کارپوریشن نے فول پروف انتظامات کیے ہیں تاہم شہری عملہ سے تعاون کریں اور آلائشوں کو کارپوریشن کی طرف سے فراہم کیے گئے، پولیتھین بیگز میں ڈال کر گھروں کے باہر یا کارپوریشن کے مخصوص کیے گئے مقامات پر رکھیں تاکہ عملہ کو اُٹھانے میں آسانی رہے ۔

عوام کا تعاون صاف ستھرا اور صحت مند شہر یقینی بنانے کیلئے کلیدی ہے ۔ ملک کو کورونا جیسی وباء کا سامنا ہے شہریوں کی لاپرواہی اس بیماری کو پھیلا سکتی ہے جو انسانی جانوں کیلئے خطرناک ہے ۔ شہری عید کی خوشیاں بھر پور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ ان کی زندگی کو لاحق خطرات کو کنٹرول کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن میں عید الاضحی کے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میثم عباس ‘ چیف میٹروپولیٹن افسر طارق پرویا ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رانا شاہد ‘ میٹروپولیٹن افسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے کہاکہ صفائی ‘ سیوریج وڈرینج اور آلائشوں کی تلفی کیلئے کارپوریشن نے شہر کو پانچ سیکٹر میں تقسیم کیاہے ۔سیکٹرانچارجز کے رابطہ نمبر شہر کے تمام اہم مقامات پر آویزاں کئے گئے ہیں ۔

شہری اپنی شکایات اورمشکلات بارے سیکٹر انچارج کو آگاہ کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیکٹر یا یونین کونسل میں شکایات ابھرنے کی صورت میں عملہ او رسیکٹر انچارج کو محض معطلی نہیں بلکہ کالے پانی کی سزا دی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے ملازمین او رافسران کسی رعایت کے مستحق نہیں جو وسائل کی دستیابی کے باوجود مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دیتے ۔

انہوں نے کہاکہ میٹروپولیٹن افسران کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران سپروائزری کردار ادا کریں گے اور تمام یونین کونسلوں پر نظر رکھنے کیلئے دورے کریںگے ۔انہوں نے کہاکہ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا عمل 31جولائی سے تین اگست تک جاری رہے گا ۔کارپوریشن نے مشینری کی کمی پوری کرنے کیلئے ٹریکٹر ٹرالیاں او رچنگ چی رکشے کرائے پر لئے ہیں تاکہ آلائشیں تنگ گلیوں سے اٹھانے میں مدد مل سکے ۔

انہوں نے کہاکہ فضلہ ‘آلائشیں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تکنیکی انداز سے دفن کرنے کیلئے 91شمالی اور ماڈل ٹاؤن کے قریب گہری کھائیاں کھودی گئی ہیں اور وہاں پر مشینری موجود رہے گی ۔کارپوریشن نے تمام عملہ کی چھوٹیاں منسوخ کر دی ہیں ۔شہریوں میں پانچ ہزار سے زائد پولیتھن بیگ تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔برساتی پانی کے اخراجات کیلئے تمام موٹریں فعال بنائی گئی ہیں ۔

انہوں نے افسران پر واضح کیا ہے کہ ان کے موبائل او ر رابطہ نمبرز معطل ہونے کی صورت میں انہیں معطل کر دیا جائیگا ۔ کمشنر نے اوورہیڈبرجز کے نیچے تجاوزات کو مستقل ختم کرنے کاحکم دیا اور عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ایم او ریگولیشن کے خلاف کارروائی کا انتباہ کیا ۔ میڈیا کی طرف سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ کارپوریشن کو مالی بحران کا سامنا ہے تاہم حکومت نے میٹروپولیٹن سہولتیں بہتر بنا نے کیلئے دس کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کا عندیہ دے رکھاہے جس سے بھاری مشینری خریدی جائیگی ۔

انہوں نے کہاکہ کارپوریشن کو ڈرائیوروںکی کمی جیسے مسائل بھی درپیش ہیں جس کیلئے حکومت پنجاب سے خصوصی منظوری حاصل کی جائیگی تاکہ ڈرائیوراو رعملہ کی بھرتی ممکن ہوسکے ۔ اس موقع پر میڈیاکے ذریعے انہوں نے شہریوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی او ر اپیل کی کہ وہ کورونا سے اپنا تحفظ یقینی بنائیں ۔کارپوریشن کے عملہ سے تعاون کریں تاکہ ان کی زندگی آسان ہو سکے ۔ انہوں نے تاجروںکی طرف سے بھر پور تعاون کو سراہا اور کہاکہ حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ انتہائی مجبوری میں کیاہے تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ بعدازاں انہوں نے پولیتھن بیگزگھر گھر تقسیم کیلئے سیکٹر انچارجوں کے حوالے کیے ۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں