سرگودھا،پی ڈی ایم کی کال پر حلیف جماعتوں کامہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ

اتوار 24 اکتوبر 2021 18:40

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) پی ڈی ایم کی کال پر حلیف جماعتوں نے مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکمرانوں کو نااہل،مہنگائی اور بے روزگاری کا زمہ دار قرار دیتے ہوئے شرکا ریلی نے شدید نعرہ بازی کی۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی کال پر مہنگائی اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف حلیف جماعتوں نے سرگودھا ریجن کے علاقہ بھکر میں زبردست ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے شرکا نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حکمرانوں کو نااہل،مہنگائی اور بے روزگاری کا زمہ دار قرار دیا اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اس لئے قوم کو مزید رسوا کرنے کی بجائے گھر چلی جائے۔

(جاری ہے)

یہ ریلی مسجد عمر فاروق سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے جناح گیٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔جس کی قیادت صوبائی جنرل سیکریٹری جے یو آئی ایف پنجاب مولانا محمد صفی اللہ کر رہے تھے۔اس احتجاجی ریلی میں حیلف جماعتوں ن لیگ، جمعیت علمائے پاکستان، جمعیت اہلحدیث یوتھ فورس، اور دیگر کے ضلعی عہدیداروں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جنہوں نے بینرز، پلے کارڈز اور اپنے پارٹی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری جے یو آئی ایف مولانا صفی اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے غریب فاقوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ نے پوری قوم کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور متوسط طبقہ دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔ ضلعی صدر ن لیگ عبد المجید خان خنان خیل اور عمران خان کے کزن عرفان اللہ نیازی نے کہا کہ حکومت کی مزدور کش پالیسیوں سے غریبوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ اس ریلی کے انعقاد پر علاقہ میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کر کے نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں