سرگودھا، بازار میں اسٹال لگانے کے پیسے نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

منگل بازار میں اسٹال لگانے کے بااثر لوگ زبردستی پیسے لیتے ہیں۔متاثرہ خاتون کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 دسمبر 2021 16:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2021ء) : بازار میں اسٹال لگانے کے پیسے نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر خاتون کو آگ لگا دی گئی۔پولیس کے مطابق واقعہ سرگودھا کے منگل بازار میں پیش آیا جہاں ملزمان نے بازار میں اسٹال لگانے کے پیسے نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے خاتون سے اسٹال لگانے پر زبردستی پیسے مانگے،خاتون نے پیسے دینے سے انکار کیا تو ملزمان نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اسے آگ لگا دی، متاثرہ خاتون کے مطابق منگل بازار میں اسٹال لگانے کے بااثر لوگ زبردستی پیسے لیتے ہیں۔خاتون کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں کاغذ چننے والی خواتین پر مشتعل افراد نے تشدد کیا اور برہنہ کرکے ویڈیوز بھی بنائیں۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ خواتین کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست میں بتایا گیا کہ وہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں کاغذ چننے کے لیے گئی تھیں جہاں خواتین پانی پینے کے لیے ایک الیکٹرک اسٹور میں داخل ہوئیں۔پولیس کے مطابق خواتین نے بتایا کہ الیکڑک سٹور کے مالک صدام اور تین ملازمین نے اُنہیں چوری کے الزام میں محبوس بنا لیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

اس دوران مزید افراد بھی وہاں آ گئے اور تشدد کے دوران انہیں دکان سے باہر بازار میں لے گئے جہاں ان پر تشدد کیا گیا۔ملزمان نے خواتین کو برہنہ کرکے ویڈیوز بھی بنائیں۔پولیس کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے الیکٹرک اسٹور کے مالک سمیت تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس پر صارفین کی جانب سے سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں