شہداء پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں‘انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب

شہریوں کی بے لوث خدمت اور انکی جان و مال کی حفاظت پنجاب پولیس کا نصب العین ہے‘راؤ سردار علی خان

بدھ 19 جنوری 2022 15:02

شہداء پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں‘انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی بے لوث خدمت اور انکی جان و مال کی حفاظت پنجاب پولیس کا نصب العین ہے جس کیلئے تمام اہلکار و افسران بھرپود محنت، فرض شناسی اور پروفیشنلزم کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔ انہوں نے اپنے دورہ سرگودھا پر اعلی سطحی اجلاس میں ریجن کے چاروں اضلاع کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشن میں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور پولیس کا ہر جوان اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کرے۔

آر پی او نے ہدایت کی کہ جرائم کی شرح میں کمی لانے کے لیے ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس میں پہلے جزا اور پھر سزا کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کرپٹ اہلکار و افسران کی پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور انہیں محکمہ سے نکال باہر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور اغواء کے واقعات پر زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات کیے جائیں اور مجرمان کو ہر صورت قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنا احتساب خود کرنا چاہئے اور محکمہ کی نیک نامی کیلئے ایمانداری اور خلوص نیت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا مثبت امیج بہتر کارکردگی سے مشروط ہے لہذا تمام یونٹس اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدائے پولیس کی فیملیز میں تحائف تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب مجھے اپنی فیملی کی طرح عزیز ہیں اور خوشی و غمی کے کسی موقع پر محکمہ آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں۔آئی جی نے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا افتتاح کیا،ریسورس مینجمنٹ سنٹراور انویسٹی گیشن سپورٹ یونٹ کا معائنہ کیاجبکہ موبائل خدمت مرکز محافظ سکواڈ کو چیک کیا۔آئی جی پنجاب نے خوشاب میں دس کروڑ تاوان کے لیے اغواء ہونے والے کمسن بچے کو انتہائی قلیل وقت میں بحفاظت بازیاب کروانے اور ملزمان کو گرفتار کروانے پر آر پی او سرگودھا فیصل رانا،ڈی پی او خوشاب اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔ اسی طرح آئی جی پنجاب نے سرگودھا، میانوالی اور بھکر پولیس کے افسران و اہلکاروں کواچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرنقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں