آرٹ سے وابستہ شعبہ جات کو فعال بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں‘غلام عباس کگھہ

بدھ 30 ستمبر 2020 13:24

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) ڈائریکٹر سرگودھا آرٹس کونسل غلام عباس کگھہ نے کہا ہے کہ آرٹ اور زندگی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ آرٹ سے وابستہ شعبہ جات کو فعال بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلی گرافی اور موسیقی کے فروغ کے لیے خصوصی کلاسز کا عنقریب اجرا کر دیا جائے گا۔

نوجوانوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کا رجحان بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شاعری ، تحریر و تقریر اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے احباب کی ہر ممکنہ حوصلہ افزائی کے لیے آرٹس کونسل ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ غلام عباس کگھہ نیکہا کہ آرٹس کونسل کا کیمپس حکومتی ہدایات ملتے ہی علمی و ادبی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تعلیمی اداروں کی تقریبات کیمپس میں منعقد کرنے والوں کو خصوصی رعایت سے نوازا جائے گا۔

سینئر ہیڈ ماسٹر سید احتشام الحق ہمدانی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران تعلیمی کمی کو پورا کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں ہنگامی طور پر تدریسی سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ والدین کو چاہیے کے وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں۔ تعلیمی اداروں سے مستقل رابطہ قائم رکھیں۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ہمارا کل ان کی تعلیمی سرگرمیوں سے وابستہ ہے۔ والدین کی معمولی سی غفلت بچوں کے مستقبل کو تاریک کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ موبائل اور لیپ ٹاپ کے بے جا استعمال سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ بچوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے والدین اور اساتذہ میں رابطہ بہت ضروری ہے۔ زندگی عمل سے بنتی ہے باتوں سے نہیں۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں