حکومت ڈی ایچ کیوہسپتال میں صحت کی سہولیا ت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر

پیر 16 اپریل 2018 14:25

سرگودھا۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کی سہولیا ت اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ہسپتال میں ضرورت کے پیش ِنظر 20 مزید سٹریچر اور دس ویل چیئرکے علاوہ بینچ خریدے جارہے ہیں جبکہ ہسپتال میں بیس نئے انڈسٹریل ریکس اور ایئر کنڈیشنر لگا دیئے گئے ہیں ۔

ہسپتال میں صفائی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ وہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کی بہتر سہولیات اور انتظامی معاملات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔اجلاس میں ایم ایس ڈاکٹرعرفان فرید،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فاروق حیدر عزیز کے علاوہ محکمہ بلڈنگز،پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی اور دیگر متعلقہ ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے سہولیات کی فراہمی اور صفائی کے لئے مستقل بنیادوں پر انتظامات کئے جارہے ہیں جو تمام متعلقہ اداروں او رمحکموں کی مشترکہ کوششوں اور ٹیم ورک سے ہی ممکن ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی او رسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر تے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں ’’ ایک مریض او رایک تیماردار ‘‘ کے اصول پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

ہسپتال میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر ضروری لوگوں کے داخلہ کو کنٹرول کرنے او رہسپتال کے اندر مریضوں کے لواحقین کے کھانا کھانے پر سختی سے پابندی عائد کی جائے اور لواحقین کو انتظار گاہ شیڈ تک محدود رکھا جائے ۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ٹھیکیدار کو زیاد ہ سے زیادہ عملہ صفائی کو ڈیوٹی پر مامور رکھنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ہسپتال کے داخلی گیٹ پر تجاوزات کے خاتمہ او رخوبصورتی کیلئے پی ایچ اے کو اقدامات کی ہدایت کی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں