محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا کی کارروائی، زونل ایڈمنسٹریٹرمحکمہ اوقاف رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

پیر 17 ستمبر 2018 23:49

سرگودھا۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) محکمہ اینٹی کرپشن سرگودھا نے کارروائی کرتے ہوئے زونل ایڈمنسٹریٹرمحکمہ اوقاف سرگودھا ریجن رانا الفت حسین کو بیس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا، تفصیلات کے مطابق فضل حبیب نے ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودھا عاصم رضا کواطلاع دی کہ سائل کو دربار بادشاہانوالہ کے لنگر کا ٹھیکہ جو ن /جولائی2018میں محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے دیا جا چکا ہے ،اب رانا الفت حسین مجھ سے رشوت بیس ہزار روپے بطورکمیشن طلب کر رہا ہے ، جس پر ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن سرگودھا کی خصوصی ٹیم نے کہا کہ آپ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو رشوت نہ دیں بلکہ اُسے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کروائیں، اینٹی کرپشن سرگودھا کی خصوصی ٹیم کی کاوشوں سے فضل حبیب ملزم رانا الفت حسین پر ریڈ کروانے کیلئے راضی ہو گیا، جس پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن خوشاب عاطف شوکت کو ریڈ کرنے کا حکم دیا ،عاطف شوکت نے ریڈنگ ٹیم کے ساتھ مل کر جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد کی نگرانی میںریڈ کیا اور رانا الفت حسین جو فضل حبیب سے دربار بادشاہانوالہ خوشاب کے اندر رشوت لے رہا تھا کو رنگے ہاتھوںگرفتار کر لیا ، رشوت کی رقم بیس ہزار روپے موقع سے برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا، ملزم سے مزیدتفتش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں